Live Updates

عمران خان کو چیرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 اکتوبر 2023 11:23

عمران خان کو چیرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2023ء ) الیکشن نے عمران خان کو چیرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار خالد محمود خان کا وکیل پیش ہوا، جس نے کہا کہ ’پی ٹی آئی چیرمین کو توشہ خانہ کیس میں سزا ہوچکی ہے، نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ کا آرڈر موجود ہے‘۔

اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نے دریافت کیا کہ ’الیکشن ایکٹ میں اس حوالے سے کیا ہے؟‘ اس کا جواب دیتے ہوئے وکیل نے کہا کہ ’پولیٹیکل پارٹیز آرڈر میں یہ شق موجود تھی، الیکشنز ایکٹ میں یہ شق تو موجود نہیں ہے‘ اس بات پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’اگر آج ہائیکورٹ میں چیرمین پی ٹی آئی کی اپیل منظور ہوجاتی ہے تو کیا ہوگا؟‘ اس سوال کے جواب میں وکیل کا کہنا تھا کہ اگر اپیل منظور ہوجاتی ہے توچیرمین تحریک انصاف عہدے پر واپس آجائیں گے‘ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ ’نواز شریف اور اس کیس میں کیا فرق ہے؟‘ وکیل نے جواب دیا کہ ’نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، چیرمین تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن نے اور ٹرائل کورٹ نے فیصلہ کیا‘ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عمران خان کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے جب کہ فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی، ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات