جنوبی پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط ہو رہی ہے،سردار دوست محمد کھوسہ

پیر 16 اکتوبر 2023 12:26

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2023ء) سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے،ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ سمیت دیگر بورڈز کو ضم کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تونسہ سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم خان ملغانی کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کھوسہ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل ہمیشہ سے ہماری جماعت کا طرہ امتیاز رہا ہے، تونسہ کی نامور سیاسی شخصیت اکرم خان ملغانی کو ہم پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں اور انکی شمولیت سے ہماری جماعت اس خطہ میں مزید مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ہم پر امید ہیں آنے والے وقتوں میں پاکستان دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے چئیرمین بلاول زرداری بھٹو نے بھی اسی بات پر زور دیا ہے کہ عوام جس کو منتخب کریں وہی جماعت برسراقتدار آ جائے مگر انتخابات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا میری معلومات کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ ڈیرہ غازیخان تعلیمی بورڈ سمیت دیگر چند بورڈز کو لاہور ،ملتان بورڈ میں ضم کیا جائے اور ضم کئے جانے والے بورڈز کی عمارت کو سب آفس قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو ہم بھر پور مزاحمت کریں گے،ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ میرے والد سردار ذوالفقار علی کھوسہ کی کاوشوں سے بنایا گیا تھا تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم کے حصول کے لئے آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔