خوش آمدید نواز شریف ! میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے

جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 سالوں میں سہے شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو،ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے،پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے۔مریم نواز کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 21 اکتوبر 2023 13:06

خوش آمدید نواز شریف ! میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 اکتوبر 2023ء ) سابق وزیراعظم نوازشریف کا طیارہ دبئی ائیرپورٹ سے پاکستان کےلیے روانہ ہو گیا۔ نواز شریف کا طیارہ دن ایک بج کر چالیس منٹ پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔نوازشریف کے خصوصی طیارے کی ٹریکنگ بھی کی جا رہی ہے۔پبلک نیوز کے مطابق لائیو ٹریکنگ ویب سائٹ پرسب سے زیادہ ٹریک کیا جانیوالا طیارہ بن گیا۔

جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے۔ میں اللّہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں۔ جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 سالوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف شریف کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے مگر جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے، انشاءاللّہ ! آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں۔
اسی طرح نوازشریف کی وطن واپسی پر ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے بھی محبت کا اظہار کیاہے۔شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، جی آیاں نوں۔
۔

جب کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام نے موقع دیا تو پھر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پانامہ ایک ڈرامہ تھا، ایک بندے کو ملک پر مسلط کرنا تھا وہ کر دیا گیا، 24ویں معیشت کو 47ویں معیشت بنا کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا، معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، کوئی جادو کی چھڑی نہیں جو گھماتے ہی پوری معیشت ٹھیک ہو جاتی ہے۔