Live Updates

عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 15 مئی کو درخواستوں کی سماعت کرے گا،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے طلب کیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 12 مئی 2025 13:05

عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مئی 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقررکر دی گئی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 15 مئی کو درخواستوں کی سماعت کرے گا،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے طلب کیا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جناح ہاوس، عسکری ٹاور جلاو گھیراو سمیت آٹھ مقدمات میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے درخواستوں میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ اے ٹی سی نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتیں خارج کردیں ہیں جبکہ اسی نوعیت کے دیگرمقدمات میں درخواست گزارکی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاونڈ کیس میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پے رول پر رہائی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کر دی تھی۔

رجسٹرار آفس نے اعتراضات دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔پے رول پر رہائی کی درخواست متاثرہ شخص کی جانب سے خود دائر نہیں کی گئی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ کسی دوسرے شخص کیلئے ایسا ریلیف کیسے مانگا جا سکتا تھا؟ جس شخص کی پے رول پر رہائی مانگی جا رہی ہے، اسےدرخواست میں فریق ہی نہیں بنایا گیاتھا۔

قبل ازیںبانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیرول پر رہائی کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے اپنے وکیل کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔علی امین گنڈا پور نے وکیل لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی پے رول پر رہائی کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست کے مطابق پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے اور مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی کی جان کو جیل میں خطرہ تھا۔ مودی سینٹرل جیل اڈیالہ کو بھی ڈرون حملے کیلئے اہم ٹارگٹ کے طور پر دیکھ سکتا تھا۔بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تو مودی کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی تھی۔درخواست گزار کے مطابق طویل قید سے صحت خراب ہونے کا بھی خطرہ موجود تھھا۔

سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو اس متعلق درخواست دی مگر اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں قید کے دوران پرزن رولز کی خلاف ورزی نہیں کی تھی۔علی امین نے درخواست پر موقف اپنایا کہ سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے تھے۔ اس طرح کی قید سے بچنے کیلئے آئین میں پے رول پر رہائی کی ریمیڈی موجود تھی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات