سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا صدرعارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

صدرعارف علوی کو سپریم کورٹ دوبارہ آئین شکنی کا مرتکب قرار دے چکی ہے، انہیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 نومبر 2023 19:06

سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا صدرعارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 نومبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئین شکنی کا مرتکب ہونے پر صدر عارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے نزدیک صدر عارف علوی کی آئینی مدت ویسے ہی پوری ہوچکی ہے، 18ترمیم کے بعد آئین کہتا کہ نئے صدر منتخب ہونے تک پرموجودہ صدر کام جاری رکھیں گے۔

میں سمجھتا ہوں کہ صدر عارف علوی کو سپریم کورٹ دوبارہ آئین شکنی کا مرتکب قرار دے چکی ہے، صدر عارف علوی کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر جناب شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو پارٹی کے الیکشن سیل کا چئیرمن مقرر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

سینیٹر اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا سربراہ بنانے سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابات سے متعلق سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستوں کی وصولی، انتخابی ضابطوں کی نگرانی سمیت تمام متعلقہ امور کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ سینیٹر اسحاق ڈار پارلیمنٹ سے منظور شدہ الیکشن ایکٹ 2017 کو تیار کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے بھی سربراہ تھے۔

اسی طرح لاہور میں پارٹی کی اعلیٰ سطح کی قیادت کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اجلاس میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ نے بھی مفاہمت والے بیانیے کے حمایت کی، جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن نے الیکشن کی انتخاباتی مہم کے دوران پارٹی قائد نوازشریف کے مینار پاکستان پر خطاب کو ہی اپنا بیانیہ بنانے کا فیصلہ کیا، اجلاس کے تمام شرکاء نے نواز شریف کی جانب سے مفاہمت کی پالیسی کی حمایت کی، اس کے علاوہ حکومت میں آنے کی صورت میں عدالتی اصلاحات کا بھی عندیہ دیا ہے۔