نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان 89برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ہفتہ 11 نومبر 2023 14:54

پشاور/اسلام آباد /چار سدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2023ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان انتقال کر گئے ہیں جبکہ صدر مملکت عارف علوی ، نگران وزیراعظم انوار الحق ، چیف الیکشن کمشنر اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رحمن میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان شبیر شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ رات سے وہ آئی سی یو میں تھے، کچھ دیر قبل نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان انتقال کرگئے ۔

ان کے بھتیجے محمد احمد خان نے بتایا کہ ان کی عمر 89 سال تھی، انہوں نے مجھے گزشتہ روز بلایا تھا اور چارسدہ یونیورسٹی جانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا تھا، وہ بالکل ٹھیک تھے، ہم نے اگلے پیر کو چارسدہ جانا تھا، میں انتظامات کر رہا تھا کہ ان کے انتقال کی خبر آگئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کو ڈائریا کی شکایت پر طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث گزشتہ شب پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔

ایک نجی ٹی وی نے رجمان آر ایم آئی ہسپتال کے حوالے سے بتایاکہ اعظم خان گزشتہ رات دل کی تکلیف پر ہسپتال لائے گئے۔ ان کی طبیعت رات ہی سے تشویش ناک تھی اور وہ عارضہ قلب میں بھی مبتلا تھے۔رات بھر اعظم خان ہسپتال میں زیر علاج رہے جہاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ہیڈ آف سرجری ڈاکٹر جمیل کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ کی 4 روز سے طبیعت خراب تھی، انہیں اسہال و قے کا مسئلہ بھی درپیش تھا۔

انہیں انوائرنل ہرنیا کی رکاوٹ ہوگئی تھی ، جس کے بعد ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ رات ساڑھے 8 بجے ان کی رپورٹ آئی تھی، جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کرنا تھا۔ ڈاکٹر جمیل کے مطابق صبح 9 بجے واش روم خود گئے، بعد میں دل کا دورہ پڑا اور وفات پاگئے۔یاد رہے کہ محمد اعظم خان نے رواں سال21 جنوری کو بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا حلف اٹھایا تھا، جب اٴْس وقت کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کے درمیان مشاورت کے ان کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے اعظم خان نے سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔لنکنز ان لندن سے فارغ التحصیل بیرسٹراعظم خان اس سے قبل 2018 میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی کابینہ میں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ اور وزیرداخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔اعظم خان اکتوبر 2007 سے اپریل 2008 تک وزیراعلیٰ شمس الملک کی نگراں کابینہ میں وزیرداخلہ، منصوبہ بندی اور ترقیات رہے اور اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں اہم پوزیشنز میں فائز رہے۔

نگران حکومتوں کا حصہ رہنے سے قبل وہ ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکرٹری رہے اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چیئرمین بھی رہے۔دریں اثناء اپنے بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔

انہوں نیکہا کہ مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں اٴْنہیں ایک شریف النفس انسان پایا۔صدر مملکت نے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اورصبر جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت نے مرحوم اعظم خان کیلئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا بھی کی۔اپنے بیان میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیاہے۔

وزیرِ اعظم نے مرحوم کیلئے بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ اعظم خان نے تمام عمر عوام کی بطور ایک فرض شناس اور قابل افسر خدمت کی ، بطور سرکاری افسر ان کاکردار تمام سول سرونٹس کیلئے مشعل راہ رہے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اعظم خان نے بطور نگران وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا مشکل وقت میں صوبے کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے انجام دیا ،اعظم خان نے صوبے میں امن و امان اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔

اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد اعظم خان انتقال کر پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔چئیرمین سینیٹ نے مرحوم محمد اعظم خان کی بلند درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر و جمیل کی دعا ء کی اور کہا کہ مرحوم کی سیاسی خدمات پر ان کو خارج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے بھی مرحوم نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد اعظم خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلند درجات کی دعا کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر نے مرحوم اعظم خان کے صوبے کی عوام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین کیا اورکہاکہ اعظم خان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اورکہاکہ دکھ کی گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم اور صدمے میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔اپنے بیان میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ملک اور صوبے کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

وفاقی وزیر مرتصی سولنگی نے کہا کہ اعظم خان کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، مرحوم اعظم خان شریف النفس اور شائستہ انسان تھے۔ انہوں نیکہا کہ بطور نگران وزیراعلیٰ انہوں نے پیشہ وارانہ امور میں ہمیشہ مدد کی۔ آزادیِ اظہار، صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلیے جب بھی میں نے ان سے رابطہ کیا، انہوں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا اور ہر ممکن مدد کی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعظم خان مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔

وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ اللہ کریم غمزدہ خاندان کو صبر جمیل دے اور مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔ انہوں نیکہا کہ نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کا انتقال بہت بڑا صدمہ ہے،قوم ایک زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی ہے۔مرحوم نے بطور نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا اور سابق بیوروکریٹ کے طور پر ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔اپنے بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محمد اعظم خان مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔

آصف علی زرداری نے محمد اعظم خان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعاء کی ۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اعظم خان نے اہم ترین انتظامی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھایا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ مرحوم اعظم خان کے عوام کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سے مرحوم اعظم خان کی مغفرت کرے، ان کے بلند درجات کرے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کی ناگہانی وفات پر نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان غم اور صدمے کے ان لمحات میں مرحوم وزیراعلی کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔اللہ تعالٰی ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں۔دریں اثناء سابق وز یراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت سیاسی رہنمائوں نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا ہے ۔