مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے انٹرویو کا آغاز کر دیا

ہفتہ 2 دسمبر 2023 18:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہوا جس میں سرگودھا ڈویژن سے امیدواروں کے انٹر ویوز کئے گئے ۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز ، چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار ،سیکرٹری جنرل احسن اقبال ، پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان ، سلیمان شہباز ، رانا تنویر حسین ، خواجہ سعد رفیق ، پرویز رشید ، سردار ایاز صادق ، جاوید لطیف ، سیف الملوک کھوکھر ، کیپٹن (ر) محمدصفدر ، ملک محمد خاں اور عطاء اللہ تارڑ سمیت پارلیمانی بورڈ کے دیگر ممبران شریک ہوئے۔

اجلاس کے آغاز پر سینئر پارلیمنٹرینز بیگم نجمہ حمید اور مشاہداللہ خان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

(جاری ہے)

بیگم نجمہ حمید کی پہلی برسی پر ان کی ملک و قوم اور پارٹی کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ بیگم نجمہ حمید مسلم لیگ (ن) کی پہچان تھیں، بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کے دوران ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مشاہداللہ خان پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، مشاہداللہ خان کی کمی ہمیں ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، مشاہداللہ خان نے سخت ترین حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا،وہ نہایت وفادار، پارٹی کے نظریہ پر کاربند اور مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے نیک دل اور نیک نیت رہنما تھے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف کی قیادت میں پارلیمانی بورڈ نے سرگودھا ڈویژن سے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے،انٹرویو کے دوران امیدواروں سے پارٹی وابستگی سمیت دیگر سوالات پوچھے گئے ۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا ڈسٹرکٹ میں پانچ ارکان قومی اسمبلی اور 11صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے انٹرویوز مکمل کیے گئے ۔