احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ ’کلیم اللہ سلیم اللہ‘ ہیں، لیگی رہنما دانیال عزیز

ان دونوں کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں، میں کھل کر بات کرتا ہوں قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہے، مجھے پارٹی ٹکٹ کی کوئی فکر نہیں ہے، لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 2 دسمبر 2023 22:50

احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ ’کلیم اللہ سلیم اللہ‘ ہیں، لیگی رہنما ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 02 دسمبر2023ء) ن لیگ کے سینئر رہنما دانیال عزیز نے احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ کو کلیم اللہ سلیم اللہ‘ قرار دے دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں، میں کھل کر بات کرتا ہوں قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہے، مجھے پارٹی ٹکٹ کی کوئی فکر نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو چاہیے تمام پارٹیوں سے پوچھے آگے کا کیا پلان ہے، (ن) لیگ کو بھی عوام کے سامنے مستقبل سے متعلق پلان رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا مہنگائی سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا؟ پارٹی کو ایسا پروگرام دینا چاہیے جس میں عوام دلچسپی لے سکیں، مہنگائی کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

دانیال عزیز نے خود پارٹی کی طرف سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس پر ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوٹس ابھی تک موصول نہیں ہوا جب ملے گا تو جواب دوں گا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے احسن اقبال کے خلاف بیان دینے پر دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے دانیال عزیز سے 7 یوم کے اندر وضاحت طلب کر لی۔ شوکاز نوٹس ن لیگ پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے جاری کیا جس میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے بیان بازی کرکے پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

دانیال عزیز نے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ دانیال عزیز 7 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروائیں۔دانیال عزیز نے اپنی ہی پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا تھا۔ایک بیان میں دانیال عزیز نے کہا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خودکو عقل کُل سمجھتے ہیں، احسن اقبال کو مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے کہ وہ جب (گزشتہ دور حکومت میں) پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے تو ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پاسکے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی، لیکن مہنگائی کی وجہ سے ہماری پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ سابق ایم این اے اور مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ غریب عوام کو کمر توڑ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا جو احسن اقبال کی مکمل نا اہلی اور ناکامی تھی، پارٹی نے مہنگائی کا نوٹس لیا ہوتا تو ناکامی پر یقیناً احسن اقبال کو برطرف کر دیا جاتا۔انہوںنے کہاکہ الیکشن سرپر ہیں اور پارٹی مہنگائی کا نوٹس نہ بھی لے تو عوام ہرحال میں لیں گے، اب وہ ووٹ کو جاری مہنگائی سے جوڑ رہے ہیں جس کے ذمہ دار احسن اقبال ہیں۔