Live Updates

آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ، عمران خان نے جلد سماعت کی درخواست دائر کردی

آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کو آئینی درخواست میں چیلنج کیا‘ رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی‘ اعتراضات کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کی جائے۔ درخواست میں استدعا

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 دسمبر 2023 12:06

آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ، عمران خان نے جلد سماعت کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف جلد سماعت کی درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف عمران خان نے اعتراضات کے خلاف اپیل پر جلد سماعت کی استدعا کردی، اس حوالے سے سابق وزیراعظم کے وکیل نے جلد سماعت کی درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کو آئینی درخواست میں چیلنج کیا تھا، رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی، رجسٹرار آفس اعتراضات کیخلاف اپیل دائر کر چکے ہیں، اعتراضات کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کی جائے۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں صدر عارف علوی کو طلب کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صدر حلف دے کر بتائیں انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا ترمیمی قانون منظور کیا یا نہیں؟ بتایا جائے ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے کس قانون کے تحت کیا جا رہا ہے؟۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے، شاہ محمود قریشی نے عدالت کو کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کو عدالت طلب کیا جائے، وہ عدالت میں حلف دے کر بتائیں انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا ترمیمی قانون منظور کیا ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے جج کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے جو قانون منظور کیا ہے اس کی کوئی شک آپ کے کیس میں لاگو نہیں ہورہی، آپ کا ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شق پانچ اور شق 9 کے تحت ہوگا، عدالت میرٹ پر اپنی کارروائی کررہی ہے۔ سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی نے عدالت کو کہا کہ ہمارے پروڈکشن آرڈر پر جیل انتظامیہ نے حکم عدولی کی ہے، ہماری ضمانت پر انتظامیہ نے عدالت میں ریکارڈ پیش نہیں کیا، ہمیں اس کیس میں ٹرائل کرنے کوشش جاری ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات