ایم کیو ایم کا الیکشن سے پہلے عوامی رابطے تیز کرنے کا فیصلہ

کراچی میں انتخابی جلسے کرنے کے بعد اب اندرون سندھ جلسے کیے جائیںگے

پیر 4 دسمبر 2023 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے الیکشن سے پہلے عوامی رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں انتخابی جلسے کرنے کے بعد اب اندرون سندھ عوامی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان 15 دسمبر کو میرپور خاص میں عوامی جلسہ کرے گی اور 22 دسمبر ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں شہروں میں جلسوں کے انقعاد کے لئے کارکنان نے تیاریاں شروع کر دی ہیں، تاہم اندرون سندھ جلسوں کے بعد ایم کیو ایم پاکستان 21 جنوری کو کراچی کے باغ جناح میں مرکزی جلسہ کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے عام انتخابات کے لئے کراچی بھر میں این اے کمیٹیوں کے ناموں کا اعلان کردیا، ایم کیو ایم پاکستان نے 21 جنوری 2024 کو کراچی کی سطح پر بڑے انتخابی جلسے کے انعقاد کا بھی اعلان کیا، تاہم ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکن عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور کامیابی حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے شہباز شریف اور مریم نواز کو کراچی سے الیکشن لڑنے کی دعوت دے رکھی ہے، ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن حلقوں سے شہباز شریف اور مریم نواز لڑیں گے وہاں ایم کیو ایم امیدوار کھڑے نہیں کرے گی، ایم کیو ایم ان حلقوں میں ن لیگ کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلائے گی۔