بلاول بھٹو زرداری کی عام انتخابات بارے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو ٹکٹوں کی تقسیم پر تجاویز دیں صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف زرداری سے پنجاب اور بلوچستان کے پارٹی رہنمائوں کی ملاقات

منگل 5 دسمبر 2023 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو پیپلزپارٹی سندھ کے پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹوں کی تقسیم پر تجاویز دیں جبکہ بلاول بھٹونے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہائوس کراچی میں سندھ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہواجس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی سندھ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شریک ہوئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی سندھ کے پارلیمانی بورڈ نے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کو 27دسمبر کو ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے پروگرام کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئیں۔سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے سندھ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میںپی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامرا ، سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، قادر پٹیل اور مکیش کمار چاولہ موجود تھے۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری سے پنجاب اور بلوچستان کے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے ملاقات کی۔

آصف زرداری سے پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن علی مدد جتک نے ملاقات کی، اس کے علاوہ ندیم افضل چن، ریاض شاہوانی اور مخدوم ارتضیٰ نے بھی ملاقات کی۔سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔