Live Updates

ن لیگ کے حلقوں میں ترقیاتی کام کیلئے 29 ارب کے فنڈز جاری کیے گئے

پی ڈی ایم حکومت نے بھی باقاعدہ طور پر ن لیگ کیلئے بڑی تعداد میں فنڈز جاری کیے تھے، رہنما تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھا کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 5 دسمبر 2023 23:09

ن لیگ کے حلقوں میں ترقیاتی کام کیلئے 29 ارب کے فنڈز جاری کیے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے دعوی کیا ہے کہ ن لیگ کے حلقوں میں ترقیاتی کام کیلئے 29 ارب کے فنڈز جاری کیے گئے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پی ڈی ایم حکومت نے بھی باقاعدہ طور پر ن لیگ کیلئے بڑی تعداد میں فنڈز جاری کیے تھے۔

انہوں نے الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی الیکشن کو ملتوی کرنے کیلئے فنڈز اور سکیورٹی کا بہانا بیایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ الیکشن کے دنوں میں برف باری ہو گی، لیکن یہ بتایا جائے کہ آئین پر عمل کیسے ہو گا؟، انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہتے ہیں کہ انتخابات وقت پر ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں بڑی واضح طور پر کہا ہے کہ اب جو تاریخ دی گئی ہے، اسی پر الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے دن سے ہی الیکشن کی بات کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ پی ڈی ایم کے کسی بیانیے کو قبول نہیں کرتے ووٹ تحریک انصاف کا ہے۔ ادھر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صحیح خدشات اٹھا رہے ہیں، انتخابات کے حالات نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور کے پی کے میں مجھے کوئی ایک آدمی نہیں ملا جو کہہ رہا ہو الیکشن نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عجیب غیریقینی کی صورتحال ہے، الیکشن کیلئے کسی کی بھی کوئی تیاری نہیں، سیاسی جماعتوں کو بھی نہیں معلوم کہ الیکشن ہورہے ہیں یا نہیں۔ اسی طرح نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی امن و امان کے حوالے سے بات درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ میں دہشتگردی میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے، الیکشن اور امن و امان سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دلیرآدمی تھے رُکے نہیں، انہیں فول پروف سکیورٹی دی، سکیورٹی کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں، الیکشن ایس اوپیز، امن و امان کے حوالے سے اسی ہفتے تمام پارٹیوں سے بات چیت کریں گے، امن و امان ہمارا سبجیکٹ ہے۔

نگران وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن میں افواج کی دستیابی بارے منسٹری آف ڈیفنس ہی بتا سکتی ہے، سکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کی جو ریکوائرمنٹ ہے اسے پورا کریں گے، انشاء اللہ الیکشن کمیشن کی جو ضروریات ہوں گی وہ پوری کی جائیں گی۔ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال اس وقت دن بدن بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان کی امن و امان کے حوالے سے بات بہت حد تک درست ہے۔

گزشتہ 9 ماہ سے ٹی ٹی پی فیکٹر کی وجہ سے دہشت گردی میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے لوگوں پر حملے ہوئے، مولانا فضل الرحمان کو کوئٹہ آمد پر تھریٹ بارے آگاہ کیا تھا۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، 2013ء اور 2018ء کے الیکشن میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے، جب جب الیکشن ہوتا ہے تو دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے، ہماری بھرپور کوشش ہو گی اور ہم اس مرحلے سے گزر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج کل پراکسیزکی جنگ ہوتی ہے، دشمن کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف بھرپور قسم کی پراکسی جنگ کر رہی ہیں، ٹی ٹی پی، بی ایل اے، بی آر اے، بی ایل ایف دہشت گرد تنظیموں کی دشمن ملک کی ایجنسیاں پشت پناہی کرتی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات