اے ٹی پی عمل پر یقین رکھتی ہے عوام مایوس نہ ہوں، فائق شاہ

بدھ 6 دسمبر 2023 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف، جے یو آئی، اے این پی اور پیپلز پارٹی دعوے، وعدے اور دھوکے کا نام ہے جبکہ امن ترقی پارٹی عمل پر یقین رکھتی ہے عوام مایوس نہ ہوں نوجوان قیادت پاکستان کا مستقبل تبدیل کرے گی، ووٹ اور سپوٹ کا درست انتخاب کریں اور امن ترقی پارٹی کا ساتھ دیں، خیبرپختونخوا کے عوام حقیقی جمہوریت اور تبدیلی دیکھیں گے، جلسے سے یوتھ صدر مردان ڈاکٹر یاسر الدین، ولی خان، افتخار صحرائی، اویس خان،اشتیاق الہٰی نے بھی خطاب کیا، محمد فائق شاہ نے کہا کہ انصاف اور عوامی اختیار صرف امن ترقی پارٹی ہی دے سکتی ھے ھم اقتدار کے لیے نہیں عوامی اختیار کے لیے لڑ رہے ہیں، گزشتہ چار سال سے حقیقی اپوزیشن اور پرامن جمہوری تحریک صرف امن ترقی پارٹی نے چلائی ھے باقی سب جماعتیں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں اور ابھی بھی ان کے یہی مقاصد ہیں انہوں نے کہا کہ میں بطور چیئرمین امن ترقی پارٹی کوئی سرکاری عہدہ نہیں لوں گا، یہ نوجوان اور باصلاحیت افراد آپ کے قائد اور گھر گھر تک اختیارات کا نظام ھوگا، سرکاری ادارے آپ کی مشاورت اور معاونت سے چلیں گے، تھانہ کچہری، قانون اور انصاف آپ کے لیے کام کرے گا، بنیادی سہولتیں آپ کا حق ہے اس پر مافیا کا کنٹرول ختم کر کے عوامی نمائندوں کے حوالے کریں گے، جو مقامی سطح پر براہ راست مسائل حل کریں گے، انہوں نے کہا کہ ھم لوگوں کے لیے ایسا سسٹم اور منشور لائے ہیں جو دین و دنیا دونوں سنوارنے میں معاون ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے سیاسی نام ایسے ہی ہیں کہ'' اونچی دکان پھیکا پکوان'' انہوں نے صرف اپنے محلات، جائیدادیں اور کاروبار بنایا ھے سینٹ، اسمبلیوں اور اختیار حاصل کر کے یہ ذاتی اور خاندانی کاروبار کرتے اور دولت باہر منتقل کرتے ہیں، علاج باہر، کاروبار باہر، رہائش باہر، اور یہاں صرف اقتدار، اختیار اور طاقت سب کچھ حاصل کیا جاتا ہے، جھوٹے وعدوں کی مہر جیب میں اٹھائے پھرتے ہیں، اور عوام کو دھوکہ دیتے ہیں، 76 سال سے یہی کھیل کھیلا جا رہا ہے اب ان کو روکنا سب سے بڑا جہاد اور عوامی خدمت ھے امن ترقی پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، نہ صرف سیاسی استحکام بلکہ معاشی اور معاشرتی انصاف لائیں گے، خیبر سے کراچی تک عوام بااختیار ھوں گے، منشور اور پروگرام دیکھیں اور کارکردگی کا جائزہ لیں امن ترقی پارٹی کو صف اول میں پائیں گے۔