اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملے، دائرہ صوبوں کے اندر تمام علاقوں تک لے کر جائیں گے، شہباز شریف

عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے، نجات صرف مسلم لیگ(ن) دلاسکتی ہے‘ پارٹی صدر سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے رہنمائوں کی ملاقات

بدھ 6 دسمبر 2023 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان، پنجاب اور صوبہ سندھ سے پارٹی رہنمائوں نے ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی ۔شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل، سابق وزیر اعلی جام کمال نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی جبکہ بلوچستان میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تجاویز پر غور ہوا ۔شہباز شریف نے جعفر مندو خیل کی بلوچستان میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کوششوں کو سراہاسابق وزیر اعلی جام کمال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارک دی ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے نیک تمنائوں کے اظہار پر جام کمال کا شکریہ ادا کیا ۔خوشاب سے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کی پارٹی صدر سے ملاقات کر کے عام انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی سرگرمیوں پر گفتگو کی ۔کراچی سے پارٹی راہنمائوں خواجہ شعیب اور صالحین تنولی کی بھی پارٹی صدر سے ملاقات ہوئی جس میں صوبہ سندھ میں پارٹی کو مزید فعال بنانے اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سب سے بڑی وفاقی جماعت ہے، مسلم لیگ (ن) وفاق کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے، بلوچستان قومی ترقی اور حقوق کی فراہمی کے ایجنڈے میں مسلم لیگ(ن)کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی، پاکستان کی ترقی کیلئے بلوچستان کی ترقی ایک لازمی تقاضا ہے جسے صرف مسلم لیگ(ن) ہی پورا کرسکتی ہے، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پورے پاکستان کے عوام سے وعدے پورے کئے اور بلا امتیاز سب اکائیوں کو ترقی دی، حقوق کا تحفظ اور ترقی یقینی بنا کر بلوچستان کو پاکستان کی خوشحال اکائی بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبوں کو ترقی کے عمل میں مساوی انداز میں ساتھ لے کر چلیں گے، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے اندر یکساں تقسیم کو یقینی بنائیں گے، اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملے، اب اس کا دائرہ صوبوں کے اندر تمام علاقوں تک لے کر جائیں گے، عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے، اس سے نجات صرف مسلم لیگ دلاسکتی ہے۔