Live Updates

’چوں چوں کا مربہ ٹھیک نہیں‘ عبدالغفورحیدری نے حکومت بنانے کا نیا فارمولا پیش کردیا

2018ء کی تاریخ کسی کے لیے بھی دہرائی گئی تومزاحمت کریں گے، استحکام پارٹی اور پرویز خٹک گروپ بنایا ہے تو سیٹیں بھی دیں گے۔ جے یو آئی ف کے سیکرٹری جنرل کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 دسمبر 2023 13:31

’چوں چوں کا مربہ ٹھیک نہیں‘ عبدالغفورحیدری نے حکومت بنانے کا نیا فارمولا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل سینیٹر عبدالغفور حیدری نے حکومت کی تشکیل کا نیا فارمولا پیش کردیا۔ صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے جب دیکھا کہ عمران خان سے حکومت نہیں چل رہی تو انہوں نے ہاتھ کھینچ لیا، جس کا مطلب یہ تھا کہ اب اپوزیشن کچھ کرلے اور ہم عمران خان کو بند گلی میں لےگئے، اسی طرح اب اگر استحکام پاکستان پارٹی اور پرویز خٹک گروپ کو بنایا گیا ہے تو سیٹیں بھی دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نیشنل حکومت کمزور ہوتی ہے اس لیے چوں چوں کا مربہ ٹھیک نہیں ہے، اس کی نسبت دو تین جماعتوں کی حکومت بہتر کام کر سکتی ہے، اس وقت ضرورت ہے کہ الیکشن کمیشن مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرے کیوں کہ انتخابی شیڈول نہ آنے پر شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف پر لاڈلہ ہونے کا الزام لگایا ہے تو ان کو یہ ثابت بھی کرنا ہوگا، تاہم اگر 2018ء کی تاریخ کسی کے لیے بھی دہرائی گئی تو ہم مزاحمت کریں گے، اسی طرح ہم اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑ نے کے بھی خلاف ہیں اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اس کا ساتھ نہیں دیں گے کیوں کہ صوبوں کومزید اختیارات ملنے چاہئیں۔

پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں پاکستان پیپلزپارٹی سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ہماری بات ہوئی ہے، ثناء اللہ زہری سے ملاقات بھی ہوئی لیکن جب دوسروں کو وزیراعظم اور صدر بناتے ہیں تو پھر ہم مولانا فضل الرحمان کو بھی صدر بنانے کا حق رکھتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات