پاکستان پیپلز پارٹی روایتی اور سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ، بلاول بھٹو زرداری کا تیمرگرہ ریسٹ ہاؤس میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:24

پاکستان پیپلز پارٹی روایتی اور سیاسی انتقام پر یقین نہیں  رکھتی  ،  ..
دیر لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی روایتی اور سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کے لئے تیس سال جدوجہد کی اور انہیں عوامی خدمت اور عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے پر شہید کیا گیا۔ ہفتہ کو تیمرگرہ ریسٹ ہاوس گراؤنڈ میں ورکرز کنونشن سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے ہمیشہ پی پی پی کو کامیاب کرکے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے اٹھارویں ترمیم سے اس صوبے کو خیبر پختونخوا کا نام دیا۔ آصف علی زرداری نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔

(جاری ہے)

سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی اور گوادر کوترقی دی تاکہ غریب اور پسماندہ علاقوں کو سی پیک کے ذریعے ترقی او رروزگار میسر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ہم دیر لوئر کی محرومیوں کو دور کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ خان کی حکومت نے پچاس لاکھ گھر اور دو کروڑ نوکریوں  کا وعدہ کیا لیکن انہوں   نے حکومت میں آکر سیاسی انتقام پر اپنا وقت ضائع کیا۔ سیاسی انتقام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو نقصان ہوا ،بے روزگاری،غربت اور مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی برسراقتدار آکر غربت اور بےروزگاری ختم کرے گی ۔بلاول نے کہا کہ اقتدار میں آکر بے نظیر انکم سپورٹ سکیم کے معاوضے میں اضافہ کرینگے۔اس موقع پر مالاکنڈ ڈویژن کے صدر محمد علی شاہ باچا،سابقہ ایم این اے احمد حسن خان،سابقہ وفاقی وزیر ملک عظمت خان،ضلعی صدر پی پی پی محمود زیب،تیمرگرہ کے امیدوار عالم زیب ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔