۴پیپلز پارٹی سال کے 365 دن انتخابی مہم جاری رکھتی ہے، اس بار ووٹ پر چائنا کٹنگ نہیں ہونے دیں گے، مرتضیٰ وہاب

پیپلزپارٹی اور دوسروں میں یہی فرق ہے پیپلزپارٹی اس وقت تک کھڑی رہتی ہے جب تک وعدہ وفا نہ ہو،مئیر کراچی

جمعرات 21 دسمبر 2023 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2023ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سال کے 365 دن انتخابی مہم جاری رکھتی ہے، اس بار ووٹ پر چائنا کٹنگ نہیں ہونے دیں گے، کراچی کے ہر گھر میں پیپلز پارٹی پانی لے کر آئے گی، اورنگی ٹاؤن میں قدیم رحمان بابا کرکٹ گراؤنڈ تباہ حال تھا، پیپلزپارٹی کے نمائندوں نے اسے بہتر کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم اس منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4 میں رحمان بابا کرکٹ اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میئرکراچی نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رحمان با با کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کیا اور وہاں نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ اور فٹ بال کھیلی، انہوں نے کہا کہ جیالوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے اس گراؤنڈ کے تباہ حال ہونے کی نشاندہی کی، پیپلزپارٹی اور دوسروں میں یہی فرق ہے، پیپلزپارٹی اس وقت تک کھڑی رہتی ہے جب تک وعدہ وفا نہ ہو، اورنگی کے عوام نے بلاول کے قول و فعل میں تضاد نہیں دیکھا، بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے ہمیں یہی ہدایت کی ہے کہ تمام وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایک دور ایم کیو ایم کا تھا اس زمانے میں کیا ہوا اور اب کیا ہو رہا ہے، اب کراچی میں چائنا کٹنگ نہیں ہو رہی بلکہ پارک آباد ہو رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعظم پاکستان بھی پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ جب میں 2021 ء میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بنا تو لیاقت آباد انڈرپاس پر غریب آباد انڈرپاس کے نام کا بورڈ لگا ہوا تھا، مشہور قوال اور نعت خواں امجد صابری میرے دور کا ہیرو تھا، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 2021 میں فیصلہ کیا کہ لیاقت آباد کے انڈرپاس کو امجد صابری کے نام سے منسوب کیا جائے، کراچی کے لوگ غلام فرید صابری کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے، غلام فرید صابری کے نام پر بھی شہر کی کوئی جگہ منسوب کریں گے تاکہ ان کی فیملی کو تسکین ہو، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، یہ شہر ہم سب کا ہے، بلاتفریق محبت کا سفر جاری رہے گا، شہریوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، انہوں نے کہا کہ رحمان بابا کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی اور تزئین سے یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولت فراہم ہوگی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، کراچی کے ہر علاقے میں موجود کھیلوں کے میدان اور باغات آباد کریں گے۔