نواز شریف کا بادشاہانہ رویہ پی ٹی آئی کو نیا جنم دے رہا ہے

سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ماضی کی طرح نواز شریف کو ایک بار پھر خوشامدیوں نے گھیر لیا ہے اور اگر ایسا ہی رہا تو ان کا چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب مشکل سے ہی پورا ہوگا۔سینئر صحافی سلیم صافی کا تجزیہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 1 جنوری 2024 16:17

نواز شریف کا بادشاہانہ رویہ پی ٹی آئی کو نیا جنم دے رہا ہے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جنوری 2024ء ) سینیئر صحافی سلیم صافی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا بادشاہانہ رویہ پی ٹی آئی کو نیا جنم دے رہا ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق سلیم صافی نے کہا کہ نواز شریف کا بادشاہانہ رویہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں نیا جنم دے رہا ہے ،وہ محل میں بیٹھ کر پارٹی رہنماؤں کو بلا رہے ہیں اور سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہے ہیں۔

انہیں ایک بار پھر خوشامدیوں نے گھیر لیا ہے۔سلیم صافی نے کہا کہ ان دنوں الیکشن سرپر ہے اور جہاں بڑے بڑے لیڈر وزیراعظم اور وزیراعلی بننے کے لیے مرے جا رہے ہیں وہاں نچلی سطح کے ایم این اے اور ایم پی اے بننے کے لیے ہر حد پار کر رہے ہیں حالانکہ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ اس تالاب سے بہت کم لوگ عریاں ہوئے بغیر نکلتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیئر صحافی نے کہا کہ وطن واپسی پر نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ پارٹی تنظیم پر توجہ دیتے لیکن یہاں واپسی کے بعد وہ اپنے محل میں بیٹھ کر پارٹی رہنماؤں کو وہاں بلا لیتے ہیں، وہ ابھی تک سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں بھی ناکام رہے ہیں، نواز شریف سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کے کیسز بھی کسی اور نے ختم کرانے ہیں اور سیاسی بیانیہ بھی کسی اور نے تشکیل دینا ہے اور تحریک انصاف کو بھی کسی اور نے سنبھالنا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ کسی اور نے یہ سارے کام کر کے اقتدار ان کی جھولی میں ڈالنا ہے۔

نواز شریف کم سے کم یہ کر سکتے تھے کہ خیبر پختون خواہ کی ٹکٹوں کی تقسیم خیبر پختونخواہ جا کر ہی کرتے اور سندھ بلوچستان میں بھی جا کر کرتے تو امیدواروں کو یہ تاثر نہ ملتا کہ وہ غلام ہیں۔ نواز شریف وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن ان کی سوچ پنجاب تک ہی محدود ہے، اگر یہی سب چلتا رہا تو انتخابی مہم شروع ہونے تک وہ عوام کے سامنے جانے کے بھی قابل نہیں رہیں گے۔سلیم صافی نے مزید کہا کہ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ماضی کی طرح نواز شریف کو ایک بار پھر  خوشامدیوں نے گھیر لیا ہے اور اگر ایسا ہی رہا تو ان کا چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب مشکل سے ہی پورا ہوگا