احسن اقبال کی ضد تھی ہر حال میں بیٹے کو منتخب کرانا ہے، دانیال عزیز

احسن اقبال نے کہا ایم این اے اور ایم پی اے دونوں کے لیے الیکشن لڑوں گا، دونوں نشستوں میں سے ایک رکھوں گا ایک چھوڑ دوں گا، لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 11 جنوری 2024 23:26

احسن اقبال کی ضد تھی ہر حال میں بیٹے کو منتخب کرانا ہے، دانیال عزیز
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2024ء) سینئر لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ احسن اقبال کی ضد تھی ہر حال میں بیٹے کو منتخب کرانا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نے کہا ایم این اے اور ایم پی اے دونوں کے لیے الیکشن لڑوں گا، دونوں نشستوں میں سے ایک رکھوں گا ایک چھوڑ دوں گا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ انھوں نے اپنے کزن کیلئے ایم پی اے کے ٹکٹ لیے، کیا پارٹی احسن اقبال کی جاگیر ہے۔

جو بھی آواز اٹھاتا ہے اس کیساتھ میرے جیسا سلوک ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا کلچر شروع ہوجائے گا تو پھرکون مسائل سے متعلق آواز اٹھائے گا۔ الیکشن میں مہنگائی سرفہرست مسئلہ ہے جس کی بنیاد پرعوام ووٹ دیں گے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ جو بچے چلنے کے قابل نہیں ان کو سیاست میں لاکر پارٹی کو تباہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری سیاست میں پڑھا لکھا اپنی قابلیت پر اوپرآتا ہے اسے برداشت نہیں کیا جاتا۔

دانیال عزیز نے کہا کہ احسن اقبال کو پتہ تھا کہ ٹکٹ نہ بھی ملی پھر بھی میں الیکشن لڑوں گا۔ الیکشن لڑنا کوئی مذاق ہے، خاندان کیلئے احسن اقبال نے پارٹی کو مجبورکردیا۔ ادھر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ دانیال عزیز کی جگہ جس امیدوار کو این اے75 کا ٹکٹ دیا وہ شریف لوگ ہیں، یہ سیاست دان صرف اپنے اڈوں کی سیاست کو محفوظ کر رہے ہیں، میرا کوئی نارووال میں بسوں کا اڈا نہیں۔

انہوں نے ظفروال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے جو سیاستدان ہیں وہ 70 سال کی اپنی کارکردگی کا ثبوت دیں، پہلے سیاستدان صرف تھانے اور کچہری کی سیاست کر رہے ہیں، یہ سیاست دان صرف اپنے اڈوں کی سیاست کو محفوظ کر رہے ہیں، نارووال میں میرا کوئی بسوں کا اڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز کی جگہ جس امیدوار کو این اے75 کا ٹکٹ دیا وہ شریف لوگ ہیں، این اے75 سے ٹکٹ ہولڈر انوارالحق چودھری کی عوام کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، نارووال میں شرافت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا کہ میں دو حلقوں سے الیکشن لڑرہا ہوں، این اے 76 اور پی پی 54 میں سے کون سا حلقہ بعد میں چھوڑنا ہے فیصلہ قیادت کرے گی۔