مولانا فضل الرحمن کی افغان طالبان امیرشیخ ہبت اللہ سے ملاقات کی تصدیق

مقصد ایک مسئلے تک محدود نہیں رہنا تھا، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات سمیت تمام اہم امور پر طالبان امیر سے گفتگو ہوئی، فضل الرحمن

جمعہ 12 جنوری 2024 18:15

مولانا فضل الرحمن کی افغان طالبان امیرشیخ ہبت اللہ سے ملاقات کی تصدیق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2024ء) جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے افغان طالبان کے امیرشیخ ہبت اللہ سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے جمعہ کو کابل میں افغان سرکاری ٹی وی کے ساتھ انٹرویومیں کہاکہ انہوںنے افغان طالبان کے امیرسے ملاقات کی ہے ،اس سے پہلے افغان طالبان اوور جمعیت علمائے اسلام نے ملاقات کی تصدیق نہیں کی تھی تاہم میڈیاپر ملاقات کے حوالے سے خبریں جاری ہوئی تھیں،مولانا فضل کے قیادت میں 11رکنی وفد 6دن کے دورے کے بعدجمعہ کی شام کو افغان سے اسلام آبادپہنچ گیاہے،جے یوآئی نے مولانا فضل الرحمن کے دورے کوکامیاب قراردیاہے،دورے کے دوران مولانا فضل الرحمن نے طالبان امیرسے ملاقات کے علاوہ دونائب وزرائے اعظم ،وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، وزیر خارجہ اور وزیر برائے مہاجرین کے ساتھ ملاقاتیں کیں ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن کو طالبان اسلامی امارات نے دورہ کی دعوت دی تھی، یہ طالبان حکومت بننے کے بعد مولانا فضل الرحمن کا افغانستان کا پہلا دورہ تھا ۔اس سے پہلے 2013میںمولانافضل الرحمن سابق صدر حامد کرزئی کی دعوت پر افغانستان گئے تھے ۔جب مولانا فضل الرحمن سے طالبان امیر سے ملاقات بارے سوال کیا گیا تو انہوںنے کہاکہ وہ اس سلسلے میں افغان حکام کے ساتھ رابطے میں تھے اور ہمیں بہت مثبت جواب دیا گیا تھا اور ان کی رابطوں کے نتیجے میں میری افغان طالبان کے سربراہ سے ملاقات ہوگئی ۔

جب ان سے پوچھا گیاکہ کن موضوعات پر طالبان امیر کے ساتھ بات چیت ہوئی تو انہوںنے جواب دیاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات سمیت تمام اہم امور پر طالبان امیر سے گفتگو ہوئی ۔میرے دورہ کا مقصد ایک مسئلے تک محدود نہیں رہنا تھا اسی لئے ہم نے افغان رہنمائوں کے ساتھ جامع مذاکرات کئے اور ہر اہم مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے انہیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے تجاویز پیش کیں اور افغان سائیڈ نے ہماری کوششوں سے اتفاق کیا ۔