مظفرگڑھ کے انتخابی حلقہ میں دلچسپ صورتحال

امیدوار نے پیپلزپارٹی کا ٹکٹ پاس رکھ کر جے یو آئی ف کا جمع کرا دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 جنوری 2024 10:37

مظفرگڑھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہر مظفرگڑھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہاتھ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی امیدوار نے پی پی کا ٹکٹ پاس رکھ کر جے یو آئی ف کا جمع کرا دیا۔ آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق صوبائی وزیر ہارون سلطان بخاری نے پارٹی سے تعلقات منقطع کرلیے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے این اے 177، پی پی 272 اور پی پی 272 سے ٹکٹ جمع کروادیئے۔

بتایا گیا ہے کہ ہارون سلطان بخاری 2018ء کے انتخابات میں اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے جب کہ آئندہ انتخابات میں انہوں نے انتخابی نشان کے لیے جے یو آئی ف کے ٹکٹ جمع کروائے ہیں، عین آخری وقت میں پیدا ہونے والی اس صورتحال کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کو اس حلقہ کے با اثر جتوئی خاندان یا دیگر امیدواروں سے رابطہ کرنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ہارون سلطان بخاری نے مارچ 2023ء میں لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی موجودگی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، پارٹی ان کے صوبائی نشست پر الیکشن لڑنے کی خواہاں تھی اور ان کے ساتھ پینل میں پارٹی قیادت نے انہیں مضبوط کرنے کیلئے حامد سعید کاظمی کو این اے 177 سے الیکشن لڑنے کا کہا کیوں کہ اس علاقے میں جمعیت علمائے پاکستان کے پیروکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور 1990 میں قیوم جتوئی نے جے یو پی نورانی کے ٹکٹ پر اس نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔

بتایا جارہا ہے کہ ابتدائی طور پر حامد سعید کاظمی نے این اے 177 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اور جب ہارون بخاری نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تو پارٹی کارکنوں نے ان کا خیر مقدم کیا کیوں کہ انہیں ان حلقوں کے لئے ایک مضبوط امیدوار سمجھا جارہا تھا لیکن اب اُن کی روانگی کے بعد اس علاقے میں پیپلز پارٹی کا کوئی امیدوار نہیں ہے۔