ملکی مسائل میں اضافے کے ذمہ دار سابق حکمران،غریب کو ایک وقت کی روٹی میسر نہیں انکے کتے بلیوں اورگھوڑوں کے لیے سیب کے مربے ہیں،سراج الحق

جمعرات 18 جنوری 2024 22:08

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی مسائل میں اضافے کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں غریب کو ایک وقت کی روٹی میسر نہیں اور ان کے کتے بلیوں اورگھوڑوں کے لیے سیب کے مربے ہیں اقتدار میں آکر وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول سسٹم ختم کریں گے ملک میں سود فری نظام کا نفاذ ہماری ترجیح اولین ہوگی ۔

پندرہ سو ارب سالانہ کرپشن کو ختم کرکے بیروزگارنوجوانوں اور ستر سالہ بزرگ افراد کو الانس دیں گے۔الیکشن التوا سے متعلق سینٹ قراردادیں آئین کی خلاف ورزی ہیں، ان کی ایوان کا وقار مجروح کرنے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں، بروقت اور شفا ف انتخابات کویقینی بنایا جائے، یہی استحکام کا راستہ ہے، وہ جماعت اسلامی تحصیل یزمان کے معززین شہر کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کررہے تھے انھوں نے کہا کہ عوام کو جمہوریت اورآئینی حق الیکشن سے محروم رکھا گیا توجمہوری طریقہ کے مطابق مزاحمت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہمارا دیرینہ موقف ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں مساویانہ مواقع فراہم کیے جائیں ۔گزشتہ پانچ سال تمام پارٹیوں نے حکومت کی، اس دوران کرپشن کیسز معاف کرائے گئے، آئی ایم ایف سے مشروط قرضے لے کر پٹرول، بجلی،گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا،پاکستان کا ہر بچہ پونے دو لاکھ کا مقروض ہو چکا ہے۔حکمرانوں کے پروٹوکول میں کوئی فرق نہیں آیا البتہ عوام کے لیے سانس لینا بھی دشوار کردیاگیا۔

سب پارٹیوں کی حکومتیں مل کر معیشت ٹھیک کرسکیں نہ ہی ان سے امن قائم ہوا، قومی وسائل کو ذاتی مفادات پر خرچ کیا گیا، جماعت اسلامی اقتدار میں تین سو یونٹ تک بجلی مفت کرے گی، وسائل کارخ عوام کی طرف موڑ کر انہیں تعلیم، صحت، روزگار، چھت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ جماعت اسلامی نے قومی اسمبلیوں کی 241اور صوبائی اسمبلیوں 531 نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں،ہماری عوامی خدمت کی اعلی مثالیں سب کے سامنے ہیں، کامیاب ہوکر ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مسئلہ خراب حکمرانی کا ہے، اشرافیہ ہرسال ساڑھے سترہ ارب ڈالر کے وسائل ہڑپ کرجاتی ہے،تقریب سے امیدوار قومی اسمبلی این اے 165 و ہی پی 248 عرفان اسلم چودھری امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 247 حافظ عرفان انجم نے بھی خطاب کیا جبکہ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب را محمد ظفر نائب امیر صوبہ سید ذیشان اختر مرکزی چیئرمین جماعت اسلامی کسان جام حضور بخش لاڑ ضلعی ناظم انتخاب عبد الجلیل ہاشمی میڈیا کوآرڈینیٹر عارف حسین عاصم امیر تحصیل صلاح الدین فیصل ججہ امیر جماعت اسلامی شہرمنیر انجم جنرل سیکرٹری شہزاد انجم صدر جے آئی یوتھ الیاسر مسعود انچارج سوشل میڈیا نعمان منیر صدر بزمِ پیغام عثمان منیر سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے عشائیہ تقریب میں شرکت کی۔

قبل ازیں سراج الحق نے جماعت اسلامی یزمان کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا ۔