نواز شریف کے دیرینہ ساتھی سردار مہتاب عباسی کو ن لیگ سے نکال دیا گیا

نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے فیصلے کے بعد جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے سردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جنوری 2024 19:56

نواز شریف کے دیرینہ ساتھی سردار مہتاب عباسی کو ن لیگ سے نکال دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2024ء) نواز شریف کے دیرینہ ساتھی سردار مہتاب عباسی کو ن لیگ سے نکال دیا گیا، احسن اقبال نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار برائے قومی اسمبلی کی حمایت کرنے پر سینئر رہنما سردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکال دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سردار مہتاب عباسی کی تنظیمی بنیادی رکنیت خارج کی اور انہیں جماعت سے نکالنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے فیصلے کے بعد جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے سردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل سرداری مہتاب عباسی نے ایبٹ آباد کے حلقہ این اے 17 میں اپنے 35 سالہ حریف اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی خان جدون کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر سردار مہتاب احمد خان نے مسلم لیگ ن چھوڑنے اور این اے 16 ایبٹ آباد 1 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا تھا جبکہ انہوں نے صوبائی حلقوں سے بھی مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے خلاف آزاد حیثیت سے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہوئے ہیں۔ سردار مہتاب عباسی نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کی فیصلہ سازی میں اب نواز شریف کاکوئی کردار نظر نہیں آرہا۔

نواز شریف ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ جبکہ جماعت کوئی اور بیانیہ چاہتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نظریے سے انحراف کررہی ہے، موجودہ قیادت ان اصولوں سے انحراف کررہی ہے جو ن لیگ کا خاصہ رہا ہے۔جماعت کی نئی قیادت قائد مسلم لیگ (ن) کو سمجھوتہ کرنے پر مجبور کئے ہوئے ہے۔ یہی سنائی دیتا ہے کہ آئندہ حکومت نواز شریف کی ہوگی ۔میں اسٹیبلیشمنٹ سے لڑنے والے نواز شریف کو جانتا ہوں، نواز شریف سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو دیکھنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے جو کروایا جا رہا ہے یہ ان کی سوچ نہیں ہے سردار مہتاب نے کہا کہ دیکھائی دے رہا ہے کہ عمران خان الیکشن نہیں لڑ سکیں گے، پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ بھی تتر بتر ہوگیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن پر نواز شریف کے خاندان کا عمل دخل بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیلئے الیکشن کے راستے صاف کردئیے گئے ہیں۔آئندہ پارلیمنٹ خطرے میں رہے گی۔ الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن کیلئے آسان صورتحال نہیں دیکھتا ہوں۔تجربہ رکھنے والے سیاستدانوں کو گھر نہیں بیٹھنا چاہیے، سینئر سیاستدانوں کا پارلیمنٹ میں کردار بنتا ہے ۔الیکشن کے نتائج پہلے سے نظر آرہے ہیں۔