الیکشن مہم کے دوران سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، امیر جماعت اسلامی سکھر

جمعہ 26 جنوری 2024 23:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر و حلقہ این اے 200 کے امیدوار علامہ حزب اللہ جکھرو اور امیر جماعت اسلامی سکھر و حلقہ پی ایس 24 اور 25 کے امیدوار زبیر حفیظ شیخ نے مرکزی الیکشن دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران عوام سے اپیل کی ہے کہ جن پر نیب میں کرپشن کے کیسز درج ہیں ایسے لوگوں کو ووٹ دینے سے گریز کریں اپنی ووٹ کو صحیح استعمال کریں کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سکھر میں الیکشن مہم کے دوران سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے میونسپل کی گاڑیاں اور عملہ پیپلز پارٹی کی جھنڈے لگا رہے ہیں، ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی الیکشن کی تیاری جاری رہیں الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے، الیکشن کمیشن سکھر اور نگراں حکومت سندھ غیر جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے، گذشتہ پینتیس سال سے دو ہی خاندان سکھر پر حکمرانی کر رہے ہیں جنہوں نے شہر کا برا حال کردیا ہے، انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی کے لوگ اور انکے حمایتی ہمارے جھنڈے اور بینرز اتار رہے ہیں، پرانہ سکھر سے قریشی گوٹھ تک ہمارے جھنڈے بینرز اتارے گئے ہیں، ہمارے جھنڈے اتار کر پیپلز پارٹی نے اپنے جھنڈے لگائے ہیں جو الیکشن قوانین کے خلاف ورزی ہیں، حکومت اور الیکشن کمیشن نوٹس لے اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرے، ہم کہتے ہیں کہ باز آجائیں نہیں تو پھر انکا بھی ایک جھنڈا شہر میں نظر نہیں آئے گا، سکھر میں یہ نالائق ٹولا ہے جس نے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، انہوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے اب اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آرہے، اب لوگ تبدیلی چاہتے ہیں ان سے لوگ بیزار ہوگئے ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ ہم سکھر میں ایک اور سول اسپتال قائم کریں گے عوام کو صاف پانی فرائم کریں گے، کروڑوں روپے بجٹ ہے سکھر کا مگر اسپتال میں دوائی تک میسر نہیں، ہم سکھر کے بنیادی مسائل حل کریں گے بنیادی سہولتیں دیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ اپنے ووٹ کا دیانتداری سے استعمال کریں، جن پر نیب میں کرپشن کے کیس ہیں ایسے لوگوں کو ووٹ دینے سے گریز کریں 8 فروری کو اپنے ووٹ کی طاقت کو صحیح استعمال کریں، ملک میں اب سلیکٹڈ کا کھیل بند ہونا چاہیے، اسٹیبلشمنٹ کو غیرجانبدار رہنا چاہیے، عوام کو اپنے ووٹ کے ذریعے آزادانہ طورپر نمائندوں کے انتخاب کا موقع ملنا چاہیے، سندھ دھرتی ثقافتوں کی امین ہے، سندھ کی تہذیب وتمدن کی تاریخ ہزاروں سال پرمحیط ہے، پیپلزپارٹی نے ملک میں کرپشن کا رواج دیا، جماعت خدمت کا نام ہے ہم کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں، ا?نے والے الیکشن میں ترازو بڑے پیمانے پر جیتے گا۔