Live Updates

9 مئی کی غداری کو نظر انداز کیا گیا تو کل کوکچھ ایسا ہوگا کہ شیرازہ بکھر جائےگا

9 مئی کی سازش جنرل عاصم منیر کیخلاف تھی، عمران نیازی اور ٹولہ فوج میں بغاوت چاہتا تھا، ملزمان کیخلاف قانونی کاروائی عدالتی معاملہ ہے۔ صدر ن لیگ شہبازشریف کا انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 30 جنوری 2024 22:25

9 مئی کی غداری کو نظر انداز کیا گیا تو کل کوکچھ ایسا ہوگا کہ شیرازہ بکھر ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کی غداری کو نظر انداز کیا گیا توکل کوکچھ ایسا ہوگا کہ شیرازہ بکھر جائے گا، 9 مئی کی سازش جنرل عاصم منیر کیخلاف تھی، عمران نیازی اور ٹولہ فوج میں بغاوت چاہتا تھا،ان کیخلاف قانونی کاروائی عدالتی معاملہ ہے۔ انہوں نے ہم نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سزا ہونے کی بات اچھے یا برے فیصلے کی نہیں، بلکہ قانونی معاملے کی ہے، اگر عدالت نے قومی سلامتی راز افشاں ہونے پر سزا دی ہے تو میں اتنا کہوں گا کہ ہمیں سبق سیکھنا چاہیے ، وزارت عظمیٰ ایک ذمہ داری والا عہدہ ہے، سرکاری راز کو راز رکھنا چاہیے، جس طریقے وہ کاغذ لہرایا گیا اور تشہیر کی گئی، ہماری حکومت کو بدنام کیا گیا، امپورٹڈ حکومت کہا گیا، اصل بات یہ ہے کہ سیکرٹ ایکٹ پابند بناتا ہے کہ قومی راز سینے میں دفن رہنے چاہئیں، اگریہ فیصلہ آیا ہے تو ہم سب کیلئے سبق آموز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائفر کیس کے فیصلے کو سیاست کے ساتھ نہیں جوڑوں گا۔ جب میاں نوازشریف کو ایک جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں ، پانامہ میں نام نہیں تھا تو پھر اقامہ میں سزا دی گئی، پوری قوم جانتی ہے، میاں نوازشریف نے قوم کی خدمت کی ہوئی تھی، 2013میں بدترین دھرنوں اور احتجاج، لانگ مارچ جو 14اگست کو شروع ہوئے، کیا یوم آزادی پر لانگ مارچ ہوتے ہیں؟ یوم آزادی پر تو نیک تمنائیں کی جاتی ہیں، چینی صدر کا دورہ مئوخر ہوگیا، پھر سانحہ اے پی ایس ہوا، پھر دھرنا ختم ہوا، پھر 2015میں چینی صدر تشریف لائے ، اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، میاں نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کئے، ہسپتال، سڑکیں بنائی گئیں۔

اسی لئے لوگوں نے نوازشریف کی کارکردگی کو یاد رکھا اور جیل میں ہونے کے باوجود ووٹ دیئے۔عمران نیازی نے تو ایک اینٹ بھی نہیں لگائی بلکہ اینٹ سے اینٹ بجا دی، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کے بجائے گالی گلوچ سکھایا، کہا گیا بجلی گیس کے بل جلا دو۔ انہوں نے کہا کہ بیانیہ بنانے اور سازش میں زمین آسمان کا فرق ہے، 9مئی کو پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف غداری کی گئی، 9مئی کو جنرل عاصم منیر جن کو سپہ سالار بنے صرف 6ماہ گزرے تھے، ان کے خلاف غداری کی گئی۔

کورکمانڈر ہاؤس کو جلایا گیا، جی ایچ کیو، گوجرانوالہ، میانوالی میں حملہ کیا گیا، کیا کوئی مہذب معاشرہ یہ غداری برداشت کرسکتا ہے؟اگر ہم کاروائی میں تیزی کرتے تو کہا جاتا اتنی تیزی کیوں کی گئی ؟ بات عدالتی کاروائی کی ہے، اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ 9مئی کو ملک کے خلاف سازش اور غداری کی گئی ہے۔اگر اس کو نظر انداز کیا گیا تو پھر کل کو کوئی ایسا سانحہ ہوسکتا ہے کہ شیرازہ بکھر جائے گا، دشمنوں نے ڈھول بجائے۔ 9مئی کی سازش عمران نیازی اور ٹولے نے عاصم منیر کے خلاف سازش کی، وہ فوج میں بغاوت چاہتے تھے اور جنرل عاصم منیر کو ہٹانا چاہتے تھے، فوج کے اندر حاضر اور ریٹائرڈ فوجیوں کے خلاف فوری کاروائی کی گئی۔ یہ ایک منظم غداری کا منصوبہ اور ساز ش تھی۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات