بلوچستان میں انتخابی دفتر اورامیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا

حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، شکست کے ڈر اور بوکھلاہٹ میں حملے کئے جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کو جیت سے کوئی نہیں روک سکتا، نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 31 جنوری 2024 19:14

بلوچستان میں انتخابی دفتر اورامیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بموں ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2024ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انتخابی دفتر اورامیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا، حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس اور ظہوربلیدی کے گھر پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آج دو افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، کوئٹہ سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی انتخابی دفتر پردستی بم سے حملہ کیا گیا جس میں پانج افراد زخمی ہوئے، دوسری جانب کیچ میں پیپلزپارٹی کے امیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا، پیپلزپارٹی کے الیکشن آفس اور ظہوربلیدی کے گھر پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن ان واقعات کا سختی سے نوٹس لے، نگراں بلوچستان حکومت ان واقعات کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو سزا دے۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، ہار کے ڈر اور بوکھلاہٹ میں ہمارے انتخابی دفتر اور امیدواروں پر حملے کئے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کو جیت سے کوئی نہیں روک سکتا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے پی بی 25 کیچ سے اپنے امیدوار ظہور بلیدی کو این اے 258 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم چلانے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 25 کیچ ون سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار ظہور بلیدی کو پارٹی نے شو کاز نوٹس جاری کردیا ، ظہور بلیدی پارٹی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرشو کاز نوٹس جاری کیا گیاجس کا متن ہے کہ ظہور بلیدی حلقہ این اے 258 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اسلم بلیدی کے لیے مہم چلا رہے تھے پارٹی کو موصول ہونے والی ویڈیو میں ظہور بلیدی اسلم بلیدی کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں پارٹی کی جانب سے ظہور بلیدی کو تین روز میں وضاحت جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔