مسیحی عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے، جاوید یوسف

مسیحی جیالوں کا این اے 205 سے اسد عالم اور پی ایس 105 سعید غنی کو کامیاب کرانے کے عزم کا اظہار

منگل 6 فروری 2024 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی سندھ کے کارکنوںکا اجلاس سینئر نائب صدر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسلر جاوید یوسف کی زیر صدارت کشمیر کالونی میں ہوا، اجلاس میں مسیحی جیالوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں 8 فروری کے انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور کارکنوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے الیکشن کے روز کی حکمت عملی طے کی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپا رٹی منارٹی ونگ سندھ کے سینئر نائب صدر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسلر جاوید یوسف نے کہا کہ پاکستان بھر کے مسیحی عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی احسان مند ہے اور ہمیشہ کی طرح عام انتخاب میں پیپلز پارٹی کی حمایت میں اپنا ووٹ کاسٹ کریںگے، انہوں نے مزید کہا کہ انتخاب کی سرگرمیاں شروع ہوتے ہی برساتی مینڈک ٹرانے لگے ہیں اور مسیحی برادری کو جھانسوں سے لبھانے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کراچی میں مسیحی برادری سے جبری صدقہ، زکوةٰ اور فطرانہ وصول کرنے والوں کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے اب مسیحی برادری پاکستان کے نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہر قائد کی رونقیں بحال کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اس موقع پر مسیحی جیالوں نے عام انتخاب میںقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 سے کرنل ریٹائرڈ اسد عالم نیازی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 105 سعید غنی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔