نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا نتیجہ چیلنج کر دیا

الیکشن کمیشن میں درخواست جمع ، 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنز تک فارم 45 ابھی تک نہیں پہنچااس لئے این اے 15 سے نتائج روکے جائیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 10 فروری 2024 11:52

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 فروری2024 ء) قائد ن لیگ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا نتیجہ چیلنج کر دیا،سابق وزیراعظم نے این اے 15 مانسہرہ کے نتیجے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔درخواست میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنز تک فارم 45 ابھی تک نہیں پہنچالیکن اس کے باوجود نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔

اس لئے این اے 15 سے نتائج روکے جائیں۔یاد رہے گزشتہ روز این اے 15مانسہر ہ کے نتائج سامنے آئے تھے جس میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مانسہرہ این اے 15 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ خان سے ہار گئے ۔الیکشن 2024 میں کئی اہم حلقوں میں بڑے اپ سیٹس دیکھنے میں آئے ہیں، غیر متوقع شکست کا سامنا کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مانسہرہ این اے 15 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ خان سے ہار گئے۔ شہزادہ گستاسپ خان کو ایک لاکھ 10 ہزار ووٹ ملے جبکہ نواز شریف 80 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 44 پر جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کو آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور نے شکست دے دی۔ علی امین گنڈا پور نے 92 ہزار 612 ووٹ اور مولانا فضل الرحمان نے 59 ہزار 364 ووٹ لیے۔

این اے 2 سوات پر مسلم لیگ ن کے امیر مقام شکست کھا گئے جنہیں آزاد امیدوار ڈاکٹر امجد خان نے ہرایا۔ امیرمقام نے 29 ہزار 240 اور ڈاکٹر امجد نے 43 ہزار 140 ووٹ حاصل کیے۔این اے چھ لوئر دیر پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق آزاد امیدوار محمد بشیر خان سے شکست کھا گئے۔ محمد بشیر خان نے 81 ہزار 60ووٹ لیے جبکہ سراج الحق 56 ہزار 538 ووٹ لے سکے۔این اے 2 سوات 1 کے تمام 341 پولنگ سٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ کے مطابق آزاد امیدوار امجد علی خان 88938 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور یہاں سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیر مقام 37764 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔