×حیدرآباد ،انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور نتائج میں تاخیرکیخلاف جماعت اسلامی و پی ٹی آئی کا احتجاج ، دھرنا دیا

اتوار 11 فروری 2024 18:30

ٴْحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2024ء) 8فروری کو ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں ہونے والے عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مبینہ طورپر دھاندلی اور تاخیر سے نتائج کے اجراء کیخلاف جماعت اسلامی حیدرآباد اور تحریک انصاف کے کارکنان نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا، دھرنا دیا اور نعرے بازی کی ۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور این اے 219 لطیف آباد کے امیدوار معراج الہدیٰ صدیقی، پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر مستنصر باللہ ، حافظ طاہر مجید ، عقیل احمد خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2024ء کے عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ہے ۔ جیتنے والے امیدواروں کو ہرواکر ان لوگوں کو کامیاب کیا گیا ہے جو تیسرے اور چوتھے نمبر پر تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ، ہم کسی کو بھی حیدرآباد کا مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دیں گے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان ، چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں ، بصورت دیگر ہمارا احتجاج ہر صورت جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ انتخابات سوائے دھوکہ، جھوٹ اور ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں اس انتخاب کے ذریعے عوامی رائے کو نہ صرف کچلا گیا بلکہ عوام کی تذلیل بھی کی گئی ہے ۔

شہر کے بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر ایم کیوایم کے کارکنان کھلے عام ٹھپے لگاتے رہے، پولیس اور انتظامیہ بے بس تماشائی بنی رہی ۔ انہوں نے کہاکہ فارم 45 کے مطابق حیدرآباد کی ہر نشست پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی ہے لیکن پی ٹی آئی کے بجائے ایم کیوایم کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔