Live Updates

پنجاب اسمبلی کے6 مزید آزاد ارکان پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے

مریم نواز نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کیا، ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوشحال مستقبل سے ہم کنار کریں گے۔ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 فروری 2024 19:46

پنجاب اسمبلی کے6 مزید آزاد ارکان پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 فروری 2024ء) پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب مزید 6 آزاد ارکان نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوشحال مستقبل سے ہم کنار کریں گے۔ اعلامیہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے جیتے ہوئے 6 مزید آزاد ارکان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔

ان آزاد ارکان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور وزیر اعلی پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی پی 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی 225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی 289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی 288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی 94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی 283 لیہ سے علی اصغر گورمانی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

مریم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے شکریہ ادا کیا اور ان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ کی شمولیت سے پنجاب کے عوام کی خوشحالی کا مقصد حاصل ہوگا، انشاءاللہ، ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوشحال مستقبل سے ہم کنار کریں گے۔

اس موقع پر نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی نامزد ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارک دی۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے مختلف اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں متوقع وفاقی کابینہ کے لیے اہم افراد کے نام زیر غور آئے ہیں۔

وفاق میں پہلے مرحلے میں 25 رکنی کابینہ بنائے جانے کا امکان ہے جس کے اندر ایم کیوایم کو 3 سے 5 وفاقی وزارتیں دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، سید مصطفی کمال، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن کے نام زیر غور آئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کے 15 سینیئر رہنماں کے نام وفاقی وزیر کے لیے زیر غور آئے۔

اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، شزا خواجہ، ریاض الحق جج، بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، راجہ قمر السلام اور رانا تنویر حسین کے نام وفاقی وزیر کے لیے زیر غور ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات