سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب پورا نہیں ہوگا، ایاز میمن موتی والا

پیر 19 فروری 2024 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2024ء) آل کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والانے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب پورا نہیں ہوگا، معیشت کی مضبوطی کے لیئے تمام سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، پاکستانی معیشت مسلسل تباہی کی جانب گامزن ہے جس کو بہترکرنے کے لیئے عقل و فہم اور مضبوط معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے ، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ملک بھر میں حکومت سازی کے عمل کو عوامی رائے اور مینڈیٹ کے مطابق جلد از جلد مکمل کریں ، ان خیالات کااظہارا نہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیا ن میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ انتخابات کا عمل پر امن انداز میں مکمل ہوچکا ہے پاکستان کی تاریخ میں کوئی بھی ایسا الیکشن نہیںجس کے انعقاد کے بعد ہارنے والی جماعت یا امیدواروں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات نہ لگائے گئے ہوں، جن جن حلقوںمیں انتخابی عمل پر امیدواروں کو تحفظات ہیں وہاں پر آئینی اور قانونی طریقے کے مطابق تحقیقات کرائی جائیں ، انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ عوام کے اندر پھیلی بے یقینی اور افراتفری ختم ہوسکے ، ملک بھر کا کاروباری طبقہ بھی ایک ہیجانی کیفیت کا شکار ہے جبکہ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بھی مسلسل مندی کا رجحان ہے جس کیوجہ سیاسی عدم استحکام ہے ، عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے حکومت سازی کا عمل مکمل کیا جائے منتخب عوامی حکومت ہی ملک کو بحرانوں اور مسائل سے نجات دلا سکتی ہے اس وقت ہم جس صورتحال پر کھڑے ہیں وہاں سخت اور مشکل فیصلے لینے پڑیں گے نئی آنے والی حکومت کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا مختلف چیلنجز نو منتخب حکومت کے سامنے کھڑے ہوں گے، انہوںنے کہا کہ معاشی خوشحالی اور بہتری کے لیئے حکومت سازی کے عمل میں تاجرتنظیموں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گزشتہ کئی سالوں سے ملکی معیشت ڈانوں ڈول ہے جس کو سہارا دینے کے لیئے تاجروں کو سہولیات فراہم کی جائیں ، ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے ڈالر کی اونچی اڑان کو ختم کیا جاسکے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیئے پالیسی بنائی جائے تا کہ مہنگائی اور بیروزگار ی کی شرح نیچے آئے اور عام انسان کا معیار زندگی اور قوت خرید بڑھے۔