پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے ناموں پر مشاورت شروع کر دی

گورنر پنجاب کے لیے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کا نام زیرِ غور،مخدوم احمد محمود پہلی ترجیح ہوں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 21 فروری 2024 12:49

پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے ناموں پر مشاورت شروع کر دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 فروری 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے مشاورت شروع کر دی۔گورنر پنجاب کے عہدے کےلیے پیپلز پارٹی مختلف ناموں پر غور کر رہی ہے۔ ابتدائی طو پر پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے لئے تین نام چن لیے ہیں جن میں مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کا نام زیرِ غور ہے۔

مخدوم احمد محمود پہلی ترجیح ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم احمد محمود ن لیگ کے لیے بھی قابلِ قبول ہوں گے۔گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان وفاق میں حکومت سازی کیلئے معاملات طے پا ئے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے قائدین کی جانب سے اس حوالے سے پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ حکومت بنانے کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نمبرز پورے ہو چکے، امید ہے شہباز شریف دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوں گے۔

شہباز شریف وزارت عظمٰی کیلئے جبکہ آصف زرداری صدر کے عہدے کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ وزیر اعظم کے الیکشن کے بعد صدر مملکت کے الیکشن ہوں گے۔ وزارت عظمٰی کیلئے پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف کی حمایت کرے گی جبکہ صدر مملکت کے الیکشن میں ن لیگ ہمارے امیدوار آصف زرداری کی حمایت کرے گی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے وزیر اعظم کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

نئی حکومت بنانے کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہو چکے، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق سمیت سب اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ہمارا ارادہ تھا کہ آزاد امیدوار کے پاس اگر تعداد پوری ہے تو وہ حکومت بنائیں تو یہ اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا کردار ادا کریں گے، لیکن ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔