Live Updates

بزدار 2 صرف 98 ووٹوں سے جیتی ہیں

میاں صاحب کی عبرت ناک سیاسی حالت کے بعد بزدار2 کو اللہ کا ڈر نہیں، حقارت ایسی جیسے ڈالر200 روپے، پیٹرول 150، روٹی10 اور چائے5 روپے کی ہو، اللہ تعالی عوام پر رحم کرے۔ فیصل واوڈا کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 فروری 2024 19:18

بزدار 2 صرف 98 ووٹوں سے جیتی ہیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 فروری 2024ء) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میاں صاحب کی عبرت ناک سیاسی حالت کے بعد بزدار 2 کو اللہ کا ڈر نہیں، حقارت ایسی جیسے ڈالر200 روپے، پیٹرول 150، روٹی 10 اور چائے 5 روپے کی ہو۔ انہوں نے ایکس پر چیف آرگنائزر مریم نواز کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میاں صاحب کی اس عبرت ناک سیاسی حالت کے بعد بجائے اللہ کا ڈر ہو بزدار 2 کی اکڑ اور حقارت تو ایسی ہے جیسے پاکستان میں ڈالر 200 روپے کا پیٹرول 150روپے کا روٹی 10 روپے کی چائے 5 روپے کی ہو۔

یہ بزدار 2 صرف 98 ووٹوں سے جیتی ہیں اور اگر اس کے بھی قانون اور آئین کے ٹھیکیداروں نے ڈبے کھول دئیے تو پھر پنجاب اسمبلی میں نہیں رائے ونڈ کے محل میں ہی ایسی حرکت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہے عوام کو IF You Love Me I Love You Too کہنے والوں کا اصل چہرہ۔ اللہ تعالی اس ملک اور پنجاب کی عوام پر رحم کرے۔ یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے مریم نواز سے عہدے کا حلف لیا، جہاں مریم نواز کی تقریب حلف برداری میں ان کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، ان کے صاحبزادے جنید صفدر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ مریم نواز اپنے والد اور پارٹی قائد محمد نواز شریف کا ہاتھ پکڑ کر داخل ہوئیں، اس دوران مریم نواز احترام کے طور پر اپنے قائد اور والد محمد نواز شریف کے نشست پر بیٹھنے تک کھڑی رہیں، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے نے خود جاکر پارٹی صدر محمد شہباز شریف کا خیر مقدم کیا اور سٹیج پر ان کا ہاتھ بلند کیا، جس پر پارٹی صدر محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو گلے لگا کر مبارکباد دی، جس کے بعد پارٹی قائد محمد نواز شریف سٹیج پر بائیں اور پارٹی صدر محمد شہباز شریف دائیں جانب تشریف فرما ہوئے، حلف برداری سے قبل چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر نے حکمنامہ پڑھ کر سنایا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حلف برداری کے بعد اپنے والد اور قائد محمد نواز شریف کو احتراماً پیار کیا۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ الیکشن کے بعد پنجاب حکومت آج منتخب ہوئی ہے، امید کرتا ہوں مریم نواز بہتر حکومت چلائیں گی، مریم نوازنے آج سے کام کا آغاز کر دیا ہے، پنجاب کی طرح باقی منتخب حکومتیں بھی اپنے فرائض بہتر سر انجام دیں گی۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی مریم نواز 220 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے پاکستان کے کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے اراکین نے مریم نواز کو ووٹ دیا، جن کے انتخاب کے لیے ووٹنگ عمل میں حصہ لینے والے اراکین مخصوص لابی میں گئے اور ووٹنگ رجسٹر میں اپنا نام درج کروایا، تاہم مریم نواز کے مخالف امیدوار رانا آفتاب احمد خان کی جماعت سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔


Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات