مسلم لیگ (ن) اوراتحادی جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب کیلئے شہبازشریف کے 8 کاغذات نامزدگی جمع

ہفتہ 2 مارچ 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2024ء) مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب کیلئے شہباز شریف کے 8کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے جبکہ عمر ایوب کے چار کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف کے کاغذات جمع کروانیوالوں میں تجویز کندہ میں سید خورشید شاہ ، خواجہ محمد آصف ،طارق بشیر چیمہ ،رانا تنویر،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،سردارمحمد یوسف،عطاء اللہ تارڑ ، عبدالعلیم خان شامل ہیں جبکہ تائیدکنندہ میں خورشید عالم ، شیزا فاطمہ خواجہ ، سردار اویس لغاری ، احسن اقبال ، کھیل داس ، انوشہ رحمان ، حنیف عباسی ، جمال شاہ کاکڑ کے نام شامل ہیں ۔

سنی اتحاد کونسل جنہیں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت حاصل کے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب کے چارکاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جن کے تجویز کنندہ بیرسٹر گوہر علی خان ، اسد قیصر ، ریاض فتیانہ ، عمیر خان نیازی جبکہ تائید کنندہ میں علی خان جدون ، مجاہد علی ، عامر ڈوگر اور ثناء اللہ مستی خیل شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

وزارت عظمیٰ کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کیے۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق اور اسپیشل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی بھی موجود تھے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 3 بجے تک مکمل کی جائے گی۔