Live Updates

پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل اور پاکستان کی ترقی کے لئے تلخیوں کو ختم کرکے ایک نئے سفر کا آغاز کرنا ہے، احسن اقبال

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:07

پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل  اور پاکستان کی ترقی کے لئے تلخیوں کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے مسائل کےحل اور پاکستان کی ترقی کے لئے تلخیوں کو ختم کرکے ایک نئے سفر کا آغاز کرنا ہے،پاکستان کو امن و استحکام کی ضرورت ہے،فساد اور انتشار کی اجازت نہیں دیں گے،ملک کی معاشی بحالی کے سفر کو فساد اور انتشار سے سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔

ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے سنی اتحاد کونسل کے وزارت عظمی کے امیدوار پر اعتراض نہیں اٹھایا۔ہر وہ رکن اسمبلی جس نے حلف اٹھایا ہو وہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہوسکتا ہے۔سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے رکنیت کا حلف اٹھا کر اور رول آف ممبرز پر دستخط کرکے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرلیاہے،اب وہ اپنے ووٹر کو دکھانے کے لئے ہر الیکشن کی طرح اس میں بھی میں وہی دھاندلی رونا رو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی پنکچر تھیوری سامنے لائے،سپیکر نے پی ٹی آئی کی طرف سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اٹھائے گئے اعتراض کو مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے امریکہ سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو این آر او دلوادیں،آئی ایم ایف سے بھی کہہ رہے این آر او دلوادیں، عمران خان کو این آر او نہیں ملے گا، وہ عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن نے آٹھ فروری کے انتخابات کو حلف اٹھا کر اور سپیکر کا الیکشن لڑ کر تسلیم کرلیا ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں،سنی اتحاد کونسل نے الیکشن میں حصہ بھی نہیں لیا،الیکشن سے پہلے خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہیں کروائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عمر ایوب پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا،ہم جمہوریت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں،ہم نے ایک نیا سفر شروع کرکے تلخیوں کو ختم کرنا ہے،امید کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی بھی مثبت کردارا ادا کرے گی،اگر کوئی انتشار کی سیاست کرنا چاہتا ہے وہ نہیں کرنے دی جائے گی۔عطاء تارڑ نے کہا کہ اب مخصوص نشستوں کی نئی فہرست پیدا نہیں کی جاسکتی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات