سعودی عرب کا گوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مارچ 2024 12:47

سعودی عرب کا گوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2024ء ) سعودی عرب نے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے گوادر میں بارش کے متاثرین کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا اعلان کیا، امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے یہ سعودی عرب کی جانب سے تحفہ ہے۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے اردو میں گفتگو کرتے ہوئے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا اور نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا ٹاک میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، گوادر کے بارش متاثرین کی امداد کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں، گوادرمیں ریکارڈ بارش ہوئی، گوادر میں بارشوں سے بہت بڑی تباہی ہوئی ہے، تاہم گوادر میں طوفانی بارش کے متاثرین کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، بلوچستان حکومت تملام چیلنجر کا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی آتے ہی گوادر کے لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے، وزیراعظم کے ہمراہ گوادر متاثرین سے ملے، گوادر میں کبھی اتنی بارشیں نہیں ہوئیں جتنی اس بار ریکارڈ کی گئی، اگلے 20 دن میں ایک ایک فشر مین کے نقصان کا ازالہ کریں گے، ماحولیاتی تبدیلی میں بلوچستان اور پاکستان کا کوئی حصہ نہیں لیکن اس کے باوجود ماحولیاتی تبدیلی اس وقت ہمارے لیے بھی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔