وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں صوبے کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی ، وزیراعظم نے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی وفاقی وزراء احسن اقبال اور امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 مارچ 2024 22:57

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات  میں  صوبے کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے صوبے کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ تمام اکائیوں سے مل کر چلیں گے۔

بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال اور وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا جو بھی ٹیم لائیں اعتراض نہیں، وزیراعظم نے فل سپورٹ کرنے کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ پاکستان ہمارا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے معاملات بھی اٹھائے، سینیٹ الیکشن کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے بھی جلد میٹنگ بلائی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کو پیسے نہ دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم پشاور آئے تو میں اس دن پشاور میں نہیں تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ سیاسی مصروفیات سیاسی حل کی طرف لے جائیں گی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پارٹی کے بانی سے ملنے کی اجازت دی جائے گی جہاں حکام نے حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا ہے اور سابق وزیراعظم عمران کو "تھریٹ الرٹ" کی وجہ سے ملاقات کرنے سے روک دیا ہے۔

کے پی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ انہیں آئندہ سینیٹ انتخابات پر بات کرنے کے لیے پارٹی کے بانی سے ملاقات کرنی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات کا خیرمقدم کرتا ہوں، امید رکھتا ہوں جس سفر کا ہم نے آغاز کیا تمام اکائیوں سے مل کر چلیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد وزارت خزانہ واجبات کا معاملہ حل کرے گی۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی اٹھایا، علی امین گنڈا پور نے قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا، آج کی میٹنگ کا خلاصہ، سیاست اپنی اپنی لیکن ریاست سانجھی، ہم سب نے ایک ہو کر مسائل کو حل کرنا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے آج خوشی کا دن ہے، خیبرپختونخوا کے مسائل کو حل کریں گے۔امیر مقام نے کہا کہ یہی راستہ ہے سب مل کرچلیں جس سے مسائل حل ہوں گے۔\932