سینیٹ انتخابات،تحریک انصاف کا یاسمین راشد اور صنم جاوید کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ

صنم جاوید خواتین کی نشست پرجبکہ یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ نشست پر سینیٹ کاالیکشن لڑیں گی،پنجاب کی جنرل نشست پر حامد خان اور زلمی بخاری امیدوار ہونگے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 16 مارچ 2024 11:02

سینیٹ انتخابات،تحریک انصاف کا یاسمین راشد اور صنم جاوید کو الیکشن ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ2024 ء) پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں یاسمین راشد اور صنم جاوید کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا ہے،سینیٹ انتخابات کیلئے تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کی لسٹ میں ردوبدل کیا ہے۔صنم جاوید کو خواتین کی نشست پر الیکشن کیلئے میدان میں اتارا جائے گا۔سینئر پارٹی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ نشست پر سینیٹ الیکشن میں امیدوار ہوں گی۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنماءاسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب کی جنرل نشستوں پر حامد خان اور زلفی بخاری امیدوار ہوں گے، جنرل نشستوں پر کورنگ امیدوار کے طور پر عمر سرفراز چیمہ اور کرنل (ر) اعجاز منہاس کو نامزد کیا گیا ہے۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کی گئی لسٹ میں سابق مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق کو ٹیکنوکریٹ کی نشست پراور یاسمین راشد کو خواتین کی نشست پر سینیٹ الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب پہلی جاری کی گئی لسٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے یاسمین راشد کو ٹیکنوکریٹ اور صنم جاوید کو خواتین کی نشست پر الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال نے پارٹی قیادت کی مشاورت سے پنجاب کے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا تھا۔ تحریک انصاف نے سینئر قانون دان حامد خان اور پارٹی رہنما زلفی بخاری کو پنجاب کی جنرل نشستوں پر پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کرنل (ر) اعجاز منہاس جنرل نشستوں کیلئے کورنگ امیدوار ہوں گے۔

2اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے ۔اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار کے کاغذات گزشتہ روز جمع کروادئیے گئے تھے جبکہ ن لیگ نے پرویز رشید،طلال چوہدری ،ناصر بٹ کو بھی سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ جاری کرتے ہوئے انہیں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اسی طرح کراچی سے پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم او ر پی ٹی آئی کے امیدوار آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

سندھ کی بارہ نشستوںپر آج تین بجے تک صوبائی الیکشن کمشنر کے آفس میں کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔پیپلزپارٹی کی طرف سے رضا ربانی،مولابخش چانڈیو،تاج حیدر،روبینہ قائم خانی،سرفراز راجڑ،سید مسرو ر احسن ودیگر کاغذات جمع کروائیں گے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے فروغ نسیم اور پی ٹی آئی کے عبدالوہاب بلوچ بھی آج کاغذات جمع کروائیں گے۔