سٹی پولیس اورافغان ڈکیت گروہ کے کارندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ،مبینہ کارندہ زخمی حالت میں گرفتار

ہفتہ 16 مارچ 2024 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2024ء) سٹی پولیس نے دوران ڈکیتی پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے والے افغان ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی کے جاری اعلامیہ کے مطابق پولیس نے ملزم حسیب اللہ عرف کرزئی کو 15مارچ کو کلری کے علاقے میں پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم شہر بھر میں سرگرم بین الصوبائی افغان ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے جبکہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے 13فروری کو نارتھ کراچی میں دوران ڈکیتی پولیس کانسٹیبل واحد پرویز کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔گرفتار ملزم اور اس کے دیگر ساتھی دوران واردات متعدد شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے اور زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کردیاہے۔