مقبوضہ کشمیر،اسمبلی انتخابات میں تاخیر پر سیاسی جماعتوں کی کڑی تنقید

عمر عبداللہ کی مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر خاص طور پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر بی جے پی پرکڑی تنقید

منگل 19 مارچ 2024 13:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے جموںو کشمیرمیں اسمبلی انتخابات ملتوی کرنے کے بھارتی الیکشن کمیشن کے فیصلے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس نے 2014سے مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات نہ کرانے پر بھارتی الیکشن کمیشن کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ قابض انتظامیہ دانستہ طورپر مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کررہی ہے ۔ انہوں نے بھارتی سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کا حوالہ دیا جس میں ستمبر تک انتخابات کا انعقاد لازمی قرار دیا گیا ہے۔عمر عبداللہ نے مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر خاص طور پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر بی جے پی پرکڑی تنقید کی ۔ کانگریس کے لیڈر غلام احمد میر نے جموںوکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کیلئے سیکورٹی کی سنگین صورتحال کے قابض انتظامیہ کے دعوئوں کو مسترد کردیا۔