مقبوضہ جموںوکشمیر، یوم پاکستان کی مبارکباد، قائداعظم کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں

بدھ 20 مارچ 2024 13:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگر اوردیگر علاقوں میں 23 مارچ کو منائے جانے والے یوم پاکستان سے قبل مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو،نوجوانان حریت جموں کشمیر اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں پوسٹروں میں معروف حریت قائد شہیدسید علی گیلانی کا معروف نعرہ” ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ بھی لکھا ہے ۔

پوسٹروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کے پوسٹر بھی موجود ہیں۔ُپوسٹروں میں لکھا ہے”جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،بھارت نے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،"پوسٹرز میں یہ بھی لکھا گیا تھا ”یہ وقت بھارتی قبضے کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھانے کا ہے ۔ پوسٹر فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔