23مارچ اسلامیان برصغیر کے عزم لازوال کی تاریخی د استان کا نام ہے ، سردار عتیق

پاکستان کا وجود برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ہی نہیں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں،کشمیری عوام کی آزادی ،تکمیل پاکستان کیلئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 22 مارچ 2024 23:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ 23مارچ اسلامیان برصغیر کے عزم لازوال کی ایک تاریخی د استان کا نام ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاہور کے اقبال پارک میں جمع کو ہر ایک الگ وطن کامطالبہ کیا تھا۔

23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیر کے بہادر عوام سات دھائیوں سے پاکستان کے ساتھ ملنے کی طلب میں قربانیاں پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ہی نہیں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

آج بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا سلوک قائداعظم اور علامہ اقبال کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت میں ہندو توا سوچ کے بھارنے پاکستان کے نعمت ہونے کے تصور کو اور گہر ا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دفاع وطن کی خاطر جس دلیری سے دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ پاکستان کی افواج اگر اس پوزیشن میں نہ ہوتیں تو خدانخواستہ آج پاکستان کاحال بھی دشمن نے شام ،عراق اور لیبیا کی طرح کیاہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے لئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیر آزاد ہو کر مملکت خداداد کاحصہ بنے گا۔