سرینگر اور دیگر علاقوں میں ’’یوم پاکستان ‘‘ پر مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں

پوسٹر بھارت کیلئے واضح پیغام ہیں کہ کشمیری اسکے جابرانہ تسلط سے آزادی اور پاکستان کیساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں،سیاسی ماہرین

ہفتہ 23 مارچ 2024 15:19

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں ایک مرتبہ پھرہفتہ کو ’’یوم پاکستان‘‘ پر مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر سری نگر، بانڈی پورہ، ڈوڈہ اور دیگر علاقوں میں چسپاں کیے گئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے دیواروں، کھمبوں ،ستوں وغیرہ پر چسپاں پوسٹروں میں قائد اعظم محمد علی جناح کا معروف فرمان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘‘ اور معروف حریت قائد شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار اہے‘‘ درج ہیں۔

پوسٹروں میں مصور پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ،شہید ملت لیاقت علی خانؒ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں لکھا ہے کہ’’جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،بھارت نے کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،پوسٹروں میں لکھی تحریر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریقے اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے قیام کے لیے انکے بے مثال قائدانہ کرداراور جدوجہد کی تعریف کی گئی ۔

سیاسی ماہرین کے مطابق پوسٹر بھارت کیلئے ایک واضح پیغام ہیں کہ ’’کشمیری اسکے جابرانہ تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں‘‘۔ پوسٹر ٹویٹر اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔