بی جے پی ملک میں جمہوریت کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہی ہے، کانگریس

اتوار 24 مارچ 2024 13:30

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حزب اختلاف کی جماعتوں کے خلاف ہرقسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے ملک میں جمہوریت کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہی ہے جو جمہوری نظام کے مستقبل کے لیے بہت خطرناک ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جمہوریت کا مستقبل بی جے پی کے دور حکومت میں خطرے میں ہے کیونکہ انتقام کی سیاست اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حزب اختلاف کی اعلیٰ قیادت کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے اور انہیں انتخابات کے موقع پر جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے اکائونٹس کی غیر قانونی ضبطی سے اسے مالی طور پر نقصان پہنچایاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے غیر قانونی الیکٹورل بانڈ سکیم کے ذریعے بھاری رقوم وصول کیں جو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق غیر آئینی ہے۔ انہوں نے اسے بی جے پی کے دور حکومت میں ملک کا سب سے بڑا بدعنوانی اسکینڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چندہ کے ذریعہ پیسہ اکٹھا کرنے کے لئے ایجنسیوں کا استعمال کیا گیا جبکہ کانگریس کے جائز فنڈز اور وسائل کو چھینا جارہا ہے۔

پارٹی لیڈر رمن بھلا نے لوگوں کودرپیش مشکلات پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں خطے نے بی جے پی کے دس سالہ دور حکومت میں سب سے زیادہ نقصان اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگروں نے اپنی شناخت اور زمین، ملازمتوں، تجارت اور وسائل کے حقوق کھو دیے ہیں جن پر باہر کے لوگ قبضہ کر رہے ہیں۔