Live Updates

ملکی معاشی حالات سنجیدہ سیاست کے متقاضی ہیں، اپوزیشن کو چاہئے کہ ملکی تعمیر اور معاشی بحالی کے معاملات میں حکومت کا ساتھ دے،فرح ناز اکبر

سیاست کی آڑ میں عدم استحکام لانے والوں کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی،پی ٹی آئی والے احتجاج کرنے کے بجائے جمہوریت کو چلنے دیں،رکن قومی اسمبلی و مسلم لیگی رہنما

بدھ 27 مارچ 2024 02:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی و صدر مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد فرح ناز اکبر نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پوری قوم کو اپنے تمام تر اختلافا ت کو پس پشت ڈال کر ایک قوم بننا ہوگا، ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے اجتماعیت کی سوچ کو فروغ دینا ہوگا اور اس مقصد کیلئے قائد میاں نوازشریف کے شانہ بشانہ چلناہوگا،مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ نے ملک وقوم کی تعمیر وترقی و خوشحالی اور اُن کے مسائل کو حل کروانے کی سیاست کی ہے ،جب ہم سب مل کر محنت کریں گے تو پھر حقیقی کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔

انہوں نے کہاکہ سیاست کی آڑ میں عدم استحکام لانے والوں کیساتھ رعایت نہیں ہوگی، ملکی معاشی حالات سنجیدہ سیاست کے متقاضی ہیں اپوزیشن کو چاہئیے کہ ملکی تعمیر وترقی و خوشحالی اور معاشی بحالی کے معاملات میں حکومت کا ساتھ دے اور مثبت طرزعمل کا مظاہر ہ کرے،ملک مزید سیاسی عدم استحکام اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملکی ترقی،استحکام کیلئے مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ مثبت کردارادا کیا ہے اور آئندہ بھی پارٹی اپنا کردارا داکرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ پوچھنا یہ تھا کہ کیا یوتھ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تھی ،بلوچستان اور سندھ میں یوتھ کہاں تھی، پی ٹی آئی والے احتجاج کرنے کے بجائے جمہوریت کو چلنے دیں، وگرنہ جمہوریت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں،جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے سب کو ملکر چلنا ہوگا۔ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے ایک بارپھر مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور معاشی بحالی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے جس سے نبردآزما ہونے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہوگا ،مریم نوازشریف کا وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونا مثبت تبدیلی ہے وہ جذبہ خدمت سے سرشار عوامی لیڈر ہیں ،توقع ہے کہ پنجاب کے عوام کے مسائل میں نمایاں کمی لائیں گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات