جماعت اسلامی سندھ کے تحت قباء آڈیٹوریم میں القدس کانفرنس

غزہ میں جنگ بندی کے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظورہونے والی قراردادپر فوری مکمل عملدرآمد ،خوراک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عالمی ادارے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،مقررین

بدھ 27 مارچ 2024 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ القدس کانفرنس میں شریک مختلف سیاسی سماجی دینی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے فلسطین میں جاری انسانیت کے قتل عام کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی کے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظورہونے والی قراردادپرپاکستان، او آئی سی، اقوام متحدہ اس قراردادپر فوری مکمل عملدرآمد کرائے۔

خوراک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عالمی ادارے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ مسلمان ملک اور عرب و غیر عرب ممالک قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ سفارتی وتجارتی تعلقات منقطع کریں ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان غزہ میں جارحیت کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات انجام دے فلسطینی عوام کی مدد کے لئے امدادی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

وفاقی اوردیگرصوبائی حکومتیں بھی کے پی کے حکومت کی طرح فلسطینیون کے لیے امداد کا اعلان کریں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اسلام آباد غزہ مارچ میںاعلان کے مطابق 5 اپریل کو جمعتہ الوداع ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کانفرنس کی صدارت جبکہ مرکزی نائب امیراسداللہ بھٹو مہمان خصوصی تھے،دیگرمقررین میں فلسطین فائونڈیشن کے ڈاکٹرصابرابومریم،جے یوپی کے قاضی احمد نورانی،مرکزی مسلم لیگ کے حافظ امجداسلام،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیرمحمد مسلم پرویز،جمعیت اتحادالعلماء سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ حزب اللہ جکھرو،کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحیدشامل تھے۔

جبکہ ہیومن رائٹس نیٹ ورک سندھ کے صدرانتخاب عالم سوری،سماجی رہنما شہزاد مظہر،صوبائی ذمے داران محمد مسلم،مولانا آفتاب ملک اورمجاہدچنا بھی موجود تھے۔اسداللہ بھٹو نے کہاکہ 171دنوں سے فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے معصوم بچے بھوکوپیاس سے مر رہے ہیں مگرافسوس یہ ہے کہ اس ظلم کو روکنے کی بجائے پوری دنیااس کا تماشہ دیکھ رہی ہے امریکہ جوہمیں انسانی حقوق کا درس دیتا ہے وہ بھی ظالم کے ساتھ اورمظلوموں کی بجائے ظالموں کی مددکرہاہے اس سے امریکہ ومغرب کا دہرامعیار بے نقاب ہوگیا ہے۔

58اسلامی ممالک میں سے کوئی ایک بھی ایسانہیں ہے جوجنوبی افریقہ کی طرح اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں چلاجائے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قابض وغاصب ریاست نے ارض فلسطین میں ساڑھے پانچ ماہ سے انسانیت سوزمظالم کی انتہاکردی ہے،غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 32ہزارسے زاید فلسطینیوں کی شہادت کی ذمہ داری اقوام متحدہ کے دہرے معیار، امریکہ و اسرائیل کی کھلی دہشت گردی و جارحیت ہی نہیں عالم اسلام کے حکمرانوں پر بھی عائد ہو تی ہے جنہوں نے اس حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

قبلہ اول کی آزادی اور اہل فلسطین کے لیے آواز بلند کرنا ہرمسلمان کے ایمان وغیرت کا حصہ ہے۔کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت 30مارچ کو11بجے شب شاہراہ قائدین پر’’شب یکجہتی غزہ‘‘ منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ فلسطین انبیاء کی سرزمین اورفلسطینیوں کی ہے۔حماس کے پاس سب سے بڑی طاقت ایمان جذبہ جہاد اورشوق شہادت کی ہے طوفان اقصیٰ کی وجہ سے پوری دنیا میں جہاد اوربیداری کی فضا بن گئی ۔

تاریخ گواہ ہے کہ قابض اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کسی نہ کسی بہانے ہر رمضان المبارک میں خون کی حولی کھیلتا رہا ہے لیکن اس بار تو آگ اور خون کی مسلسل بارش ہورہی ہے دنیا بھر میں انسانیت کا ضمیر جاگ گیا ہے لیکن افسوس کہ اسرائیل اور اس کے پشت پناہ امریکی حکمران ، اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی اپیلوں پر بھی کوئی کان نہیں دھررہے قابض اسرائیلی افواج زمین ، سمندر اور فضاؤں سے مسلسل یلغار کررہی ہے انسانی امداد تک رسائی تو ایک طرف اسے ٹارگٹ کرکے المیہ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

فلسطینی مظلوم عوام اور حماس تن تنہااللہ کے سہارے پر جی رہے ہیں مسلم حکمران بھی غفلت کے کفن اوڑھ کر سوئے ہوئے ہیں۔فلسطین فائونڈیشن کے ڈاکٹرصابرابومریم نے کہاکہ فلسطینی مجاہدین نے 7اکتوبر کو اسرائیل کی ناک زمین پررگڑدی ہے،طوفان اقصیٰ اگلے مرحلے کی کامیابی کی منازل طے کرہاہے فلسطینی نہ صرف اپنا دفاع بلکہ عالم اسلام کی جنگ لڑرہے ہیں۔

مسلم حکمران صرف اسرائیل سے سفارتی وتجارتی تعلقات بھی ختم کردیں تو وہ زمین بوس ہوجائے گا۔قاضی احمد نوارنی نے کہاکہ غزہ کے مجاہدین اورفلسطینی عوام نے قربانیاں دیکردشمن کے گریٹراسرائیل کے خواب کو چکناچورکردیا ہے،حقوق انسانی کے دعویدار امریکہ کی سرپرستی میں غزہ میں انسانیت کا قتل عام جاری ہے۔مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ امجد اسلام نے کہاکہ فلسطین میں بارود کی بارش برسائی جارہی ہے مگرپاکستان سمیت مسلم حکمران خواب غفلت میں سورہے ہیں جماعت اسلامی نے ہمیشہ امت کی آواز بننے کے لیے مثالی کردارادا کیا ہے۔

مسلم پرویز نے کہاکہ فلسطین ایک صدی سے زیادہ کامسئلہ ہے۔دنیا میں مسلمان 2ارب جبکہ یہودی صرف16کروڑ ہیں مگر انہوں نے سودی نظام کے ذریعے مسلم دنیا کو اپنے شکنجے میں جکڑرکھا ہے جس سے نجات ناگزیر ہے۔کانفرنس میں قراردادکے ذریعے اسلام آباد میں ہونے والے سیودی غزہ مارچ میں روڑے اٹکانے شرکاء پرتشدد اورسینیٹرمشتاق احمدسمیت منتظمین پرایف آئی آردرج کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔