مقبوضہ جموںوکشمیر،سڑک حادثات میں 11افراد کی جانیں ضائع ،صورہ میں شہری کی لاش برآمد

جمعہ 29 مارچ 2024 18:04

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سری نگر جموں شاہراہ پر ایک مسافر گاڑی کھائی میں گرنے سے دس افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ حادثہ آج رات تقریباً ڈیڑھ بجے ضلع رام بن کے علاقے بیٹری چشمہ نامی جگہ پر پیش آیا ۔

(جاری ہے)

گاڑی سڑک سے پھسل کر کم از کم 3سوفٹ گہری کھائی میں جاگری۔بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں غیر کشمیری مزدور سوار تھے جو کام کاج کے سلسلے میں سرینگر جارہے تھے۔ادھرضلع اسلام آباد کے علاقے مزمو میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ڈرائیور کی جان چلی گئی۔دریں اثنا سرینگر کے علاقے صورہ میں 34سالہ طارق احمد بٹ کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔