بی بی آصفہ بھٹو زرداری جمہوریت اور انسانی حقوق کی موثر مضبوط آواز ثابت ہونگی،عامر عبدالغفار لون

منگل 2 اپریل 2024 13:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے عکس بینظیر آصفہ بھٹو زرداری کو حلقہ این اے 207 شہید بینظیر آباد سے بلامقابلہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری جمہوریت اور انسانی حقوق کی موثر مضبوط آواز ثابت ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے مزید کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں موجودگی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یاد تازہ کرتی رہے گی۔انھوں نے کہا کہ تاریخ کا معجزہ ہے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے روپ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری کے روپ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے آصفہ بھٹو زرداری کی لگن اور عزم واقعی قابل تعریف ہے، ان جیسے لیڈروں سے پاکستان کا مستقبل روشن ہے آصفہ بھٹو زرداری کے بلا مقابلہ منتخب رکن قومی اسمبلی بننے سے واضح ہوتا ہے کہ سندھ کی عوام پیپلز پارٹی سے محبت کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آصفہ بھٹو زرداری میں شہید بے نظیر بھٹو کی جھلک سمائی ہوئی ہے اور وہ جلد حلف اٹھا کر قومی اسمبلی میں مظلوم عوام کی آواز بن کر اُبھریں گی اپنے پیغام میں آخر میں عامر عبدالغفار لون نے جئے بھٹو کا نعرہ بھی لگایا۔