’’کشمیری اپنی زمینیں اور دیگر املاک غیر کشمیریوں کو فروخت نہ کریں‘‘سرینگر میں پوسٹر چسپاں

ہفتہ 6 اپریل 2024 13:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں قتل و غارت اور مشکلات و مصائب کے سوا کچھ نہیں دیا۔پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ نئی نسل کو بی جے پی کے ہندو توا ایجنڈے سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی زمینیں او ر دیگر املاک غیر کشمیریوں کو فروخت کرنے سے اجتناب کریں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں مختلف آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے چسپاں پوسٹروں میں کہا گیا کہ مودی حکومت کشمیریوں کو کسی بھی قسم کی مراعات سے ہرگز بیوقوف نہیں بنا سکتی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں درج عبارت میں کہا گیاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کشمیر اور کشمیریوں کے حوالے سے انتہائی مذموم عزائم رکھتی ہیں ، کشمیریوں کو اسی طرز کی پالیسیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔

پوسٹروں میں کشمیریوں پر زوردیا گیا کہ وہ مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوںمیں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط کریں ۔ پوسٹروں کے ذریعے صاحب ثروت کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ غربا ء او رشہداء کے خاندانوںکو بھی عید کی خوشیوں میں شریک اور انکی بھر پور مالی مدد کریں۔پوسٹر ٹویٹر، فیس بک اور سماجی رابطوںکی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔