بھارتی وزیر داخلہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے خطے کی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا، راجہ پرویز اشرف

اتوار 7 اپریل 2024 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) سابق سپیکر اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پاکستان دشمنی کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائی جاتی ہے،بھارتی وزیر داخلہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے خطے کی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیردفاع راج ناتھن کے پاکستان میں دہشت گردی کے اعترافی بیان پر اپنے رد عمل میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ راج ناتھن کا اشتعال انگیز بیان بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا بین ثبوت ہے کہ بی جے پی کی مودی حکومت آئندہ الیکشن میں بد ترین شکست کے خوف میں مبتلا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت بھارتی وزیر دفاع کے اعترافی بیان پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔راجہ پرویز اشرف نے زور دیکر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی ابھی نندنوں کو سبق سکھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں،پاکستانی دفتر خارجہ بھارتی وزیر کے زہر آلود اعتراف کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائے۔